سورة فصلت - آیت 6

قُلْ إِنَّمَا أَنَا بَشَرٌ مِّثْلُكُمْ يُوحَىٰ إِلَيَّ أَنَّمَا إِلَٰهُكُمْ إِلَٰهٌ وَاحِدٌ فَاسْتَقِيمُوا إِلَيْهِ وَاسْتَغْفِرُوهُ ۗ وَوَيْلٌ لِّلْمُشْرِكِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے پیغمبر آپ ان سے کہہ دیجئے کہ میں بھی تم ہی جیسا ایک آدمی ہوں میری طرف وحی بھیجی جاتی ہے کہ تمہارا معبود صرف ایک ہی معبود ہے سو تم سیدھے اسی کی طرف چلو اور اس سے معافی چاہو اور مشرکوں کیے لیے بڑی خرابی ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبر کو حکم دے رہا ہے کہ آپ ان مشرکوں کے سامنے اعلان کر دیجیے کہ میں بھی تمہاری طرح کا ایک انسان ہی ہوں مجھے بذریعہ وحی حکم دیا گیا ہے کہ تم سب کا معبود ایک اکیلا اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ اور اس وحی کا تقاضا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا دوسروں میں خدائی اختیارات و تصرفات کو تسلیم کرنا چھوڑدو اور اپنے ذہن کو ایسے مشرکانہ عقائد سے پاک صاف کر کے اپنی امیدیں ایک اللہ کے ساتھ وابستہ کر دو۔ فریاد کے لیے پکارو تو اسی کو پکارو۔ اور پہلے جو غلط روش تم نے اختیار کر رکھی تھی اس کے لیے معافی مانگو۔ یقین کرو کہ اللہ کے ساتھ دوسروں کو بھی پکارنے والوں کا انجام تباہی کے سوا کچھ نہیں۔