سورة غافر - آیت 40

مَنْ عَمِلَ سَيِّئَةً فَلَا يُجْزَىٰ إِلَّا مِثْلَهَا ۖ وَمَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَٰئِكَ يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ يُرْزَقُونَ فِيهَا بِغَيْرِ حِسَابٍ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جوشخص کسی برائی کا مرتکب ہوگا تو اس کواسی برائی کے برابر بدلہ دیا جائے گا اور جونیک عمل کرے گا خواہ مرد ہویاعورت بشرطیکہ وہ مومن ہو تو ایسے لوگ جنت میں داخل ہوں گے جس میں ان کو بے حساب رزق دیا جائے گا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی وہاں برائی کی مثل ہی جزا ہو گی، زیادہ نہیں۔ اور اس کے مطابق ہی عذاب ہو گا۔ جو عدل و انصاف کا آئینہ دار ہو گا۔ نیکی کرنے والا چاہے مرد ہو، یا عورت، ہاں شرط یہ ہے کہ وہ با ایمان ہو۔ اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ اعمال صالحہ کے بغیر ایمان محض یا ایمان کے بغیر عمل صالحہ کی حیثیت اللہ کے ہاں کچھ نہیں ہو گی۔ اللہ کے نزدیک کامیابی کے لیے ایمان کے ساتھ عمل صالحہ اور عمل صالحہ کے ساتھ ایمان ضروری ہے۔ بے حساب رزق: یعنی بغیر اندازے اور حساب کے نعمتیں ملیں گی۔ اور ان کے ختم ہونے کا بھی کوئی اندیشہ نہیں ہو گا۔