سورة آل عمران - آیت 125

بَلَىٰ ۚ إِن تَصْبِرُوا وَتَتَّقُوا وَيَأْتُوكُم مِّن فَوْرِهِمْ هَٰذَا يُمْدِدْكُمْ رَبُّكُم بِخَمْسَةِ آلَافٍ مِّنَ الْمَلَائِكَةِ مُسَوِّمِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ہاں ! بلکہ اگر تم صبر اور تقوی اختیار کرو اور وہ لوگ اپنے اسی ریلے میں اچانک تم تک پہنچ جائیں تو تمہارا پروردگار پانچ ہزار فرشتے تمہاری مدد کو بھیج دے گا جنہوں نے اپنی پہچان نمایاں کی ہوئی ہوگی (٤٣)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

مسلمان بدر کی جانب محض قافلہ قریش پر جو تقریباً نہتا تھا چھاپہ مارنے نکلے تھے۔ مگر بدر پہنچتے پہنچتے معلوم ہوا کہ مشرکین کا ایک لشکر جرار پورے غیض و غضب اور جوش و خروش کے ساتھ چلا آرہا ہے۔ یہ سن کر مسلمانوں میں گھبراہٹ، تشویش اور جوش قتال کا ملا جلا رد عمل پیدا ہوا اور انھوں نے رب تعالیٰ سے دعا و فریاد کی، اس پر پہلے اللہ تعالیٰ نے ایک ہزار پھر تین ہزار فرشتے اُتارنے کی بشارت دی۔ اور مزید وعدہ کیا کہ اگر تم صبر اور تقویٰ پر قائم رہے اور مشرکین اسی حالت غیض و غضب میں آدھمکے تو فرشتوں کی یہ تعداد پانچ ہزار کردی جائے گی کہاجاتا ہے کہ چونکہ مشرکین میں بدر پہنچنے سے پہلے ہی ان میں پھوٹ پڑگئی، ایک گروہ مکہ پلٹ گیا اور باقی جوبدر آئے ان میں سے اکثر سرداروں کی رائے تھی کہ لڑائی نہ کی جائے اس لیے حسب بشارت تین ہزا ر فرشتے اُتارے گئے اور پانچ ہزار کی ضرورت ہی پیش نہ آ سکی۔ صبر کرو۔ اللہ سے ڈرو۔ فتح ہو یا شکست ڈر اللہ سے ہو۔ تو اللہ تعالیٰ پانچ نشان لگے ہوئے فرشتوں سے مدد کرے گا۔ رسول اللہ نے فرمایا: ’’لوگو دشمنوں سے لڑائی کی تمنا نہ کرو لیکن اگر جنگ چھڑجائے تو صبر کرو، اور لڑوکہ جنت تلواروں کے سائے میں ہے۔‘‘ (بخاری: ۲۹۶۶)