هُوَ الَّذِي يُرِيكُمْ آيَاتِهِ وَيُنَزِّلُ لَكُم مِّنَ السَّمَاءِ رِزْقًا ۚ وَمَا يَتَذَكَّرُ إِلَّا مَن يُنِيبُ
وہ اللہ ہی ہے جو تمہیں اپنی نشانیاں دکھاتا ہے اور آسمان سے تمہارے لیے رزق اتارتا ہے اور ان باتوں سے صرف وہی نصیحت حاصل کرتا ہے جو اللہ کی طرف رجوع ہونے والا ہو
وہ اللہ اپنی قدرتوں کو لوگوں پر ظاہر کرتا ہے۔ زمین و آسمان میں اس کی توحید کی بے شمار نشانیاں موجود ہیں۔ جن سے صاف ظاہر ہے کہ سب کا خالق، سب کا مالک، سب کا پالنہار اور حفاظت کرنے والا وہی ہے۔ وہ آسمان سے روزی یعنی بارش نازل فرماتا ہے۔ یہاں اظہار آیات کو اللہ تعالیٰ نے انزال رزق کے ساتھ جمع کر دیا ہے۔ یعنی پانی جو تمہارے لیے تمہاری روزیوں کا سبب ہے۔ جس سے ہر قسم کے اناج اور کھتیاں اور طرح طرح کے عجیب عجیب سبزے اور مختلف رنگ روپ اور شکل و وضع کے میوے اور پھل پھول پیدا ہوتے ہیں۔ حالانکہ پانی ایک، زمین ایک۔ لہٰذا اس سے بھی اس کی شان ظاہرہے۔ سچ تو یہ ہے کہ عبرت و نصیحت، غور و فکر کی توفیق ان ہی کو ہوتی ہے۔ جو اللہ کی طرف رغبت اور رجوع کرنے والے ہوں۔