أَوَلَيْسَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِقَادِرٍ عَلَىٰ أَن يَخْلُقَ مِثْلَهُم ۚ بَلَىٰ وَهُوَ الْخَلَّاقُ الْعَلِيمُ
اور کیا جس خدا نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے وہ اس پر قادر نہیں ہے کہ ان جیسے پیدا کردے؟ کیوں نہیں وہ ماہر خلاق، ہر چیز کو جاننے والاہے
اللہ ہر چیز پر قادر ہے: اللہ تعالیٰ اپنی زبردست قدرت بیان فرما رہا ہے کہ اس نے آسمانوں کو اور اس کی سب چیزوں کو پید اکیا۔ زمین کو اور اس کے اندر کی سب چیزوں کو بھی اسی نے بنایا۔ پھر اتنی بڑی قدرتوں والا رب اور الٰہ انسانوں جیسی چھوٹی مخلوق کو پیدا کرنے سے بھی عاجز آ جائے یہ تو عقل کے بھی خلاف ہے۔ جیسے قرآن میں ایک جگہ فرمایا: ’’یعنی آسمان و زمین کی پیدائش انسانی پیدائش سے بہت بڑی اور اہم ہے۔ سورہ احقاف (۳۳) میں بھی یہ مضمون بیان کیا گیا ہے کہ جس نے ابتدا میں پیدا کیا۔ اس پر اعادہ بہت آسان ہے۔ وہی پیدا کرنے والا اور بنانے والا وہی ایجاد کرنے والا اور خالق ہے۔ وہ رتی رتی سے واقف ہے۔