سورة يس - آیت 52

قَالُوا يَا وَيْلَنَا مَن بَعَثَنَا مِن مَّرْقَدِنَا ۜ ۗ هَٰذَا مَا وَعَدَ الرَّحْمَٰنُ وَصَدَقَ الْمُرْسَلُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کہیں گے، ہائے خرابی ہماری، ہم کو کس نے ہماری خواب گاہوں سے اٹھادیا؟ (جواب دیا جائے گا) یہ وہی چیز ہے جس کا خدائے رحمان نے وعدہ کیا تھا اور رسولوں نے سچ فرمایا تھا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قبر کو خواب گاہ سے تعبیر کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ قبر میں ان کو عذاب نہیں ہو گا۔ بلکہ بعد میں جو ہولناک مناظر اور عذاب کی شدت دیکھیں گے۔ اس کے مقابلے میں انھیں قبر کی زندگی ایک خواب سی محسوس ہو گی۔ جب وہ اس ماحول کو سمجھنے کے لیے اپنے ذہن پر زور ڈالیں گے تو انھیں از خود یہ معلوم ہو جائے گا کہ یہ تو وہی چیز ہے جو رسول ہمیں کہا کرتے تھے اور ہم انکار کر دیا کرتے تھے۔ اور دوسرا پہلو یہ ہے کہ ان کی اس سراسمیگی کی حالت میں اہل ایمان یا فرشتے انھیں مطلع کریں گے کہ یہی وہ دن ہے جس کا اللہ نے تم سے وعدہ کیا تھا۔ اور جب بھی رسول تمہیں اللہ کے اس وعدہ اور اس قیامت کے دن سے ڈراتے تھے تو ہر بار تم یہی کہہ دیتے تھے کہ وہ کب ہو گا سو آج اپنی آنکھوں سے وہ دن دیکھ لو۔