سورة فاطر - آیت 42

وَأَقْسَمُوا بِاللَّهِ جَهْدَ أَيْمَانِهِمْ لَئِن جَاءَهُمْ نَذِيرٌ لَّيَكُونُنَّ أَهْدَىٰ مِنْ إِحْدَى الْأُمَمِ ۖ فَلَمَّا جَاءَهُمْ نَذِيرٌ مَّا زَادَهُمْ إِلَّا نُفُورًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور یہ لوگ اللہ کی پروزور قسمیں کھا کر کہا کرتے تھے اگر ان کے پاس کوئی ڈرانے والاآ گیا تو یہ دنیا کی ہر ایک قوم سے بڑھ کر راست رو ہوں گے پھر جب ان کے پاس ڈرانے والاآ گیا وان کی حق سے نفرت میں اور زیادہ اضافہ ہوگیا

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قریش اور اہل عرب نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے پہلے بڑی سخت قسمیں کھا رکھی تھیں کہ اگر اللہ کا کوئی رسول ہم میں آئے تو ہم تمام دنیا سے زیادہ اس کی تابعداری کریں گے جیسے سورہ انعام میں ارشاد ہے ﴿اَنْ تَقُوْلُوْا اِنَّمَا اُنْزِلَ الْكِتٰبُ عَلٰى طَآىِٕفَتَيْنِ مِنْ قَبْلِنَا وَ اِنْ كُنَّا عَنْ دِرَاسَتِهِمْ لَغٰفِلِيْنَ﴾ یعنی اس لیے کہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ ہم سے پہلے کی جماعتوں پر تو البتہ کتابیں اتریں۔ لیکن ہم تو ان سے بے خبر رہے۔ اگر ہم پر کتاب اترتی تو ہم ان سے بہت زیادہ راہ یافتہ ہو جاتے۔ لو اب تو خود تمہارے پاس تمہارے رب کی بھیجی ہوئی دلیل (قرآن) آ پہنچی۔ ہدایت و رحمت تمہارے ہاتھوں میں دی جا چکی ہے۔ اب بتاؤ کہ رب کی آیتوں کی تکذیب کرنے والوں اور ان سے منہ موڑنے والوں سے زیادہ ظالم کون ہے؟ ان کے پاس اللہ کے آخری پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم اور رب کی آخری افضل ترین کتاب آ چکی۔ لیکن یہ کفر میں اور بڑھ گئے۔