وَكَذَٰلِكَ أَنزَلْنَا إِلَيْكَ الْكِتَابَ ۚ فَالَّذِينَ آتَيْنَاهُمُ الْكِتَابَ يُؤْمِنُونَ بِهِ ۖ وَمِنْ هَٰؤُلَاءِ مَن يُؤْمِنُ بِهِ ۚ وَمَا يَجْحَدُ بِآيَاتِنَا إِلَّا الْكَافِرُونَ
اور اے نبی ہم نے اسی طرح آپ کی طرف کتاب نازل کی ہے (جس طرح ہم نے پہلے نبیوں پر کتابیں نازل کیں) سو جن لوگوں کو ہم نے کتاب دی ہے وہ اس کتاب (قرآن) پر ایمان رکھتے ہیں اور ان مشرکین میں سے بعض وہ ہیں جو اس کتاب پر ایمان لاتے ہیں اور اور ہماری آیات کو ماننے سے صرف کافر ہی انکار کرتے ہیں
اللہ تعالیٰ فرماتے ہیںکہ جیسے ہم نے اگلے انبیاء پر اپنی کتابیں نازل فرمائی ہیں اسی طرح یہ کتاب یعنی قرآن شریف اے ہمارے آخری رسول! تم پر نازل فرمایاہے۔ پس اہل کتاب میں سے جن لوگوں نے ہماری کتاب کی قدر کی اور اس کی تلاوت کاحق ادا کیا۔ وہ جہاں اپنی کتابوں پر ایمان لائے اس کتاب کو بھی مانتے ہیں جیسے عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ اور جیسے حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ وغیرہ اور قریش میں سے بھی بعض لوگ ایمان لاتے ہیں ۔ ہاں جو لوگ باطل سے حق کو چھپانے والے اور سورج کی روشنی سے آنکھیں بند کرنے والے ہیں وہ اس پر ایمان نہیں لاتے اوراس سے انکار صرف وہی لوگ کرتے ہیں جو اپنے مذہبی تعصبات کو چھوڑ کر حق بات ماننے کو تیار نہیں۔