إِذْ قَالَتِ الْمَلَائِكَةُ يَا مَرْيَمُ إِنَّ اللَّهَ يُبَشِّرُكِ بِكَلِمَةٍ مِّنْهُ اسْمُهُ الْمَسِيحُ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ وَجِيهًا فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَمِنَ الْمُقَرَّبِينَ
( وہ وقت بھی یاد کرو) جب فرشتوں نے مریم سے کہا تھا کہ : اے مریم ! اللہ تعالیٰ تمہیں اپنے ایک کلمے کی ( پیدائش) کی خوشخبری دیتا ہے جس کا نام مسیح عیسیٰ ابن مریم ہوگا، ( ١٨) جو دنیا اور آخرت دونوں میں صاحب وجاہت ہوگا، اور ( اللہ کے) مقرب بندوں میں سے ہوگا۔
کلمة اللہ سے مراد: یعنی ان کی ولادت اعجازی شان کی مظہر اور عام انسانی اصول کے برعکس، باپ کے بغیر، اللہ کی خاص قدرت اور اس کے کلمہ کن کی تخلیق ہے۔ فرشتوں کا سیدہ مریم سے مکالمہ: اس مکالمہ میں جب فرشتوں نے سیدہ مریم کو ان کے بیٹے مسیح ابن مریم کی پیدائش کی خوشخبری دی اور اس کے اوصاف بتلائے تو آپ یکدم چونک اٹھیں کہ یہ کیسے ممکن ہے جبکہ کسی مرد نے مجھے چھوا تک نہیں، اللہ تعالیٰ نے جواب دیا کہ اللہ جو کچھ چاہے جیسے چاہے پیدا کرسکتا ہے۔ اسے سبب کے بغیر بھی کوئی چیز پیدا کرنے کی قدرت ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام كے اوصاف: خوبصورت وجیہ ہوگا، گود میں کلام کرے گا، معزز ہوگا، بڑی عمر میں بھی خطا نہیں کرے گا، انجیل اور تورات کا علم ہوگا، بنی اسرائیل کی طرف نبی بنایا جائے گا اللہ کے مقرب بندوں میں یعنی صالحین میں ہوگا۔