وَأَنْ أَلْقِ عَصَاكَ ۖ فَلَمَّا رَآهَا تَهْتَزُّ كَأَنَّهَا جَانٌّ وَلَّىٰ مُدْبِرًا وَلَمْ يُعَقِّبْ ۚ يَا مُوسَىٰ أَقْبِلْ وَلَا تَخَفْ ۖ إِنَّكَ مِنَ الْآمِنِينَ
اور اے موسیٰ اپنی لاٹھی پھینک دو جب موسیٰ نے لاٹھی کو دیکھاتو وہ سانپ کی طرح حرکت کررہی تھی (٧) وہ ڈرے اور پیٹھ پھیر کر بھاگے (اللہ نے کہا) اے موسیٰ آگے بڑھو (کیونکہ تمہیں آگے بڑھانے کے لیے ہی یہ سب کچھ کیا گیا ہے) اور خوف نہ کرو تم ہمیشہ امن میں رہو گے
اس مقام پر موسیٰ علیہ السلام کو دو معجزے عطا کیے گئے یہ دونوں معجزات آپ کی نبوت کی سند کے طور پر تھے اور ان سے مقصود یہ تھاکہ سب سے پہلے موسیٰ علیہ السلام کو یہ یقین کامل ہوجائے کہ جو ذات اس وقت اس سے ہمکلا م ہو رہی ہے وہ فی الواقع اللہ ہی ہے، جو ساری کائنات کا مالک اور پروردگار ہے اور ایسے معجزات اللہ رب العالمین کے علاوہ نہ کوئی عطا کرسکتاہے نہ دکھا سکتاہے۔ اس لیے جب موسیٰ علیہ السلام کے اپنے ہاتھ کی لاٹھی زمین پر پھینکنے سے حرکت کرتی اور دوڑتی، پھنکارتی سانپ بن گئی تو موسیٰ علیہ السلام بھی ڈر گئے۔ جب اللہ تعالیٰ نے بتلایا اور تسلی دی تو آپ کا خوف دور ہوا اور یہ واضح ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی صداقت کے لیے بطور دلیل یہ معجزہ انھیں عطا فرمایا ہے۔