سورة القصص - آیت 18

فَأَصْبَحَ فِي الْمَدِينَةِ خَائِفًا يَتَرَقَّبُ فَإِذَا الَّذِي اسْتَنصَرَهُ بِالْأَمْسِ يَسْتَصْرِخُهُ ۚ قَالَ لَهُ مُوسَىٰ إِنَّكَ لَغَوِيٌّ مُّبِينٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اب موسیٰ شہر میں خوف زدہ ہو کر چھپنے لگے، اتفاق سے پھر وہی پہلاسا موقع پیش آگیا اور جس شخص نے کل ان سے مدد طلب کی تھی اس نے آج پھر فریاد کی، موسیٰ نے کہا تو تو بڑا گمراہ آدمی ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

موسیٰ علیہ السلام کے گھونسے سے قبطی مرگیاتھااس لیے آپ کی طبیعت پرگھبراہٹ تھی، دوسرے دن ڈرتے دبکتے شہرمیں آئے کہ دیکھیں کیا باتیں ہورہی ہیں۔کہیں رازکھل تونہیں گیا؟دیکھتے ہیں کہ کل والا اسرائیلی آج ایک اور قبطی سے لڑ رہاہے ۔ آپ کو دیکھتے ہی کل ہی کی طرح آج بھی اس نے فریاد کی اور دہائی دینے لگا۔ آ پ نے فرمایا، تم بڑے فتنہ والے آدمی ہو جو ہر روز کسی نہ کسی سے الجھتے رہتے ہو ۔