سورة البقرة - آیت 266

أَيَوَدُّ أَحَدُكُمْ أَن تَكُونَ لَهُ جَنَّةٌ مِّن نَّخِيلٍ وَأَعْنَابٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ لَهُ فِيهَا مِن كُلِّ الثَّمَرَاتِ وَأَصَابَهُ الْكِبَرُ وَلَهُ ذُرِّيَّةٌ ضُعَفَاءُ فَأَصَابَهَا إِعْصَارٌ فِيهِ نَارٌ فَاحْتَرَقَتْ ۗ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمُ الْآيَاتِ لَعَلَّكُمْ تَتَفَكَّرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کیا تم میں سے کوئی آدمی بھی یہ بات پسند کرے گا کہ اس کے پاس کھجوروں کے درختوں اور انگوروں کی بیلوں کا باغ ہو۔ اس میں نہریں بہہ رہی ہوں۔ نیز اس میں اور بھی ہر طرح کے پھل پھول پیدا ہوتے ہوں۔ پھر ایسا ہو کہ جب بڑھاپا آجائے اور ناتواں اولاد اس آدمی کے چاروں طرف جمع ہوں، تو اچانک ایک جھلستی ہوئی آندھی چلے اور (آن کی آن میں) باغ جل کر ویران ہوجائے؟ اللہ ایسی ہی مثالوں کے پیرایہ میں تم پر (حقیقت کی) نشانیاں واضح کردیتا ہے تاکہ غو و فکر سے کام لو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اسی ریاکاری کے نقصانات کو واضح کرنے کے لیے اور اس سے بچنے کے لیے مزید مثال دی جارہی ہے۔ جیسے ایک شخص کا باغ ہو جس میں طرح طرح کے پھل ہوں یعنی بھرپور آمدنی کی امید ہو وہ شخص بوڑھا ہوجائے اور اس کے چھوٹے چھوٹے بچے ہوں۔ بوڑھا شخص محنت مشقت کرنے کے قابل نہ رہا ہو اور چھوٹے بچے بھی مدد تو کیا اپنا بوجھ بھی نہ اٹھا سکتے ہوں۔ اسی حالت میں تندو تیز ہوائیں چلیں اور اس کا سارا باغ جل جائے اب نہ وہ خود دوبارہ باغ کو آباد کرنے کے قابل ہو اور نہ اس کی اولاد یہی حال ان ریاکار خرچ کرنیوالوں کا قیامت کے دن ہوگا ۔ نفاق اور ریاکاری کی وجہ سے ان کی سارے اعمال اکارت چلے جائیں گے جب کہ وہاں نیکیوں کی شدید ضرورت ہوگی۔ اور دوبارہ اعمال خیر کرنے کی مہلت و فرصت نہیں ہوگی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ کیا تم چاہتے ہو کہ تمہارا یہی حال ہو۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس مثال کو ان مال دار لوگوں سے متعلق قراردیا ہے جو ساری عمر نیکیاں کرتے ہیں اور آخر عمر میں شیطان کے جال میں پھنس کر اللہ کے نافرمان ہوجاتے ہیں جس سے عمر بھر کی نیکیاں برباد ہوجاتی ہیں۔(بخاری: ۴۵۳۸) صدقہ ریاکاری سے، جتلانے سے، ایذا دینے سے جل جائے گا جب كہ جذبہ خیر کے ساتھ، دل کے جھکا ؤ کے ساتھ، دو گنا پھل ملے گا۔