وَإِذَا طَلَّقْتُمُ النِّسَاءَ فَبَلَغْنَ أَجَلَهُنَّ فَأَمْسِكُوهُنَّ بِمَعْرُوفٍ أَوْ سَرِّحُوهُنَّ بِمَعْرُوفٍ ۚ وَلَا تُمْسِكُوهُنَّ ضِرَارًا لِّتَعْتَدُوا ۚ وَمَن يَفْعَلْ ذَٰلِكَ فَقَدْ ظَلَمَ نَفْسَهُ ۚ وَلَا تَتَّخِذُوا آيَاتِ اللَّهِ هُزُوًا ۚ وَاذْكُرُوا نِعْمَتَ اللَّهِ عَلَيْكُمْ وَمَا أَنزَلَ عَلَيْكُم مِّنَ الْكِتَابِ وَالْحِكْمَةِ يَعِظُكُم بِهِ ۚ وَاتَّقُوا اللَّهَ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ
اور جب ایسا ہوا کہ تم اپنی عورتوں کو طلاق دے دے اور ان کی (عدت کی) مدت پوری ہونے کو آئے تو پھر (تمہارے لیے دو ہی راستے ہیں) یا تو (طلاق سے رجوع کرکے) انہیں ٹھیک طریقے پر روک لو، یا (آخری طلاق دے کر) ٹھیک طریقے پر جانے دو۔ ایسا نہ کرو کہ انہیں نقصان پنچانے کے لیے روکے رکھو، تاکہ ان پر جور و ستم کرو (یعنی نہ تو رجوع کرو۔ نہ جانے دو۔ بیچ میں لٹکائے رکھو) اور یاد رکھو جو کوئی ایسا کرے گا تو اپنے ہاتھوں خود اپنا ہی نقصان کرے گا۔ اور دیکھو، ایسا نہ کرو کہ اللہ کے حکموں کو ہنسی کھیل بنا لو ( کہ آج نکاح کیا۔ کل بلاوجہ طلاق دے دی) اللہ کا اپنے اوپر احسان یاد کرو۔ اس نے کتاب و حکمت میں جو کچھ نازل کیا ہے اور اس کے ذریعے تمہیں نصیحت کرتا ہے، اسے نہ بھولو، اور اللہ سے ڈرو، اور یاد رکھو کہ اس کے علم سے کوئی بات باہر نہیں۔
اس آیت میں اس معاشرتی بُرائی کا ذکر بیان کردیا گیا ہے جو پچھلی آیت میں تھی کہ یہ لوگ مشروط حلالہ کرکے دوبارہ نکاح کرلیتے تھے۔ نکاح صرف اُسی صورت میں جائز ہے جبکہ طلاق دو مرتبہ دی گی ہو تو دوران عدت رجوع ہوسکتا ہے مگر تین طلاقوں کے بعد رجوع نہیں ہوسکتا اور دو مرتبہ طلاق کے بعد بھی اگر تم خلوص نیت سے عورت کو بسانا چاہتے ہو تو بہتر ورنہ انھیں کچھ دے دلا کے یعنی اچھے طریقے سے رخصت کردو۔ اور اگر تم نے رجوع کرکے اسے ستانے، زیادتی کرنے اور ظلم کی روش اختیار کی تو اس کا وبال تمہیں اللہ کے ہاں بھگتنا پڑے گا۔ اللہ کے احکام کا مذاق اڑانا: یعنی طرح طرح کے بہانوں سے اللہ کے احکام و آیات کا ایسا مطلب نکالا جائے جو اس کے واضح مفہوم و معنی کے منافی ہو اور اس کی واضح مثال حلالہ ہے اور دوسری مثال یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کے دور میں ایک شخص نے اپنی عورت کو بیک وقت تین طلاقیں دے دیں۔ آپ کو جب یہ بات معلوم ہوئی تو غصہ کی وجہ سے آپ اٹھ کھڑے ہوئے اور فرمایا کہ ’’میری زندگی میں اللہ کے احکام سے یوں کھیلا جانے لگا ہے ابھی میں تم میں موجود ہوں۔‘‘ اپنی اغراض کی خاطر اللہ کے حکم کو اپنے الفاظ کی قید میں مقید کرلینا۔ فقہی موشگافیوں سے اپنی مرضی کے مطابق احکام کو ڈھا لینا۔ اس بات پر اللہ نے تنبیہ فرمائی ہے کہ اللہ نے ان احکام میں جو حکمتیں اورمصلحتیں رکھی ہیں ان احکام کا مذاق اڑا کر ان کا ستیا ناس نہ کردینا اور اس سلسلہ میں اللہ سے ڈرتے رہو۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’مذاق میں بھی اگر کوئی مذکورہ کام (یعنی مذاق میں طلاق دینا پھر نکاح کرلینا) کرے گا تو وہ حقیقت ہی سمجھا جائے گا۔ اور مذاق کی طلاق، یا نکاح یا آزادی نافذ ہوجائے گی۔‘‘ (ابن ماجہ: ۲۰۳۹۔ المستدرك حاكم: ۲/۲۱۶)