سورة مريم - آیت 51

وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مُوسَىٰ ۚ إِنَّهُ كَانَ مُخْلَصًا وَكَانَ رَسُولًا نَّبِيًّا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (اے پیغمبر) کتاب میں موسیٰ کا ذکر کر، بلاشبہ وہ ایک بندہ خاص اور فرستادہ نبی تھا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

نبی اور رسول میں فرق: سیدنا اسحق اور سیدنا یعقوب علیہما السلام کی اولاد میں سے سیدنا موسیٰ علیہ السلام کا ذکر غالباً اس وجہ سے کیا جا رہا ہے کہ آپ اولوالعزم پیغمبر اور قد آور شخصیت ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرمایا جا رہا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں سے ان کا ذکر کیجیے آپ اللہ کی اطاعت اور فرمانبرداری میں نہایت مخلص تھے آپ نبی بھی تھے اور صاحب شریعت رسول بھی۔ نبی اور رسول میں فرق یہ ہے کہ نبی عام ہے اور رسول خاص۔ یعنی ہر رسول نبی تو ہوتا ہے مگر ہر نبی رسول نہیں ہوتا روایات کے مطابق رسولوں کی تعداد ۳۱۳ یا ۳۱۵ تھی جبکہ انبیاء کی ایک لاکھ چوبیس ہزار ہے۔