وَقَاتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَكُمْ وَلَا تَعْتَدُوا ۚ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِينَ
اور (دیکھو) جو لوگ تم سے لڑائی لڑ رہے ہیں چاہیے کہ اللہ کی راہ میں تم بھی ان سے لڑو۔ (پیٹھ نہ دکھلاؤ) البتہ کسی طرح کی زیادتی نہیں کرنی چاہیے۔ اللہ ان لوگوں کو پسند نہیں کرتا جو زیادتی کرنے والے ہیں
اس آیت میں پہلی مرتبہ ان لوگوں سے لڑنے کی اجازت دی گئی جو مسلمانوں سے آمادہ قتال رہتے تھے۔ مگر ساتھ ہی زیادتی سے منع فرمایا کہ لڑائی میں جاہلی طریقے استعمال نہ کرو یعنی عورتوں، بوڑھوں، بچوں ، مزدوروں اور زخمیوں پر دست درازی نہ کرو، دشمن کی لاشوں کا مثلہ نہ بناؤ خواہ مخواہ کھیتوں اور مویشیوں کو برباد نہ کرو۔ یعنی قوت وہاں استعمال کرو جہاں ضرورت ہو اور اتنی ہی استعمال کرو جتنی ضرورت ہو۔ جب مسلمانوں کو ستایا جائے تو جہاد فرض ہو جاتا ہے۔ جب آپ مکہ سے نکالے گئے تو حضرت ابوبکر نے فرمایا کہ انھوں نے پیغمبر کو نکال دیا یہ ضرور برباد ہونگے اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔