سورة النحل - آیت 12

وَسَخَّرَ لَكُمُ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ ۖ وَالنُّجُومُ مُسَخَّرَاتٌ بِأَمْرِهِ ۗ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَعْقِلُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور (دیکھو) اس نے تمہارے لیے رات، دن، سورج اور چاند مسخر کردیئے (تمہاری کار براریوں کے لیے کام کر رہے ہیں) اور اسی طرح ستارے بھی اس کے حکم سے تمہارے لیے مسخر ہوگئے ہیں۔ یقینا اس بات میں ان لوگوں کے لیے بڑی ہی نشانیاں ہیں جو عقل سے کام لیتے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

چانداور سورج کی گردش میں پوشیدہ فوائد: اللہ تعالیٰ اپنی اور نعمتیں یاد دلاتاہے کہ کس طرح دن اور رات چھوٹے اور بڑے ہوتے ہیں۔ چاند اور سورج کس طرح اپنی اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں رہتے ہیں اور ان میں کبھی فرق نہیں پڑتا۔ ستارے چمک کر تمہیں روشنی پہنچا رہے ہیں۔ ہر ایک کا ایسا صحیح اندازہ مقرر کررکھاہے جس سے نہ وہ ادھر اُدھر ہوں اور نہ تمہیں کوئی نقصان ہو۔ ہر ایک رب کی قدرت اور اس کے غلبے تلے ہے۔ سورج،چاند، ستارے سب اللہ کے حکم سے کام میں لگے ہوئے ہیں خلق و امر کامالک وہی ہے جو سوچ سمجھ سکتاہو اس کے لیے تو اس میں قدرت و سلطنت الٰہی کی بڑی نشانیاں ہیں۔