سورة البقرة - آیت 180

كُتِبَ عَلَيْكُمْ إِذَا حَضَرَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ إِن تَرَكَ خَيْرًا الْوَصِيَّةُ لِلْوَالِدَيْنِ وَالْأَقْرَبِينَ بِالْمَعْرُوفِ ۖ حَقًّا عَلَى الْمُتَّقِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

مسلمانو ! یہ بات بھی تم پر فرض کردی گئی ہے کہ جب تم میں سے کوئی آدمی محسوس کرے کہ اس کے مرنے کی گھڑی آگئی اور وہ اپنے بعد مال و متاع میں سے کچھ چھوڑ جانے والا ہوں تو چاہیے کہ اپنے ماں باپ اور رشتہ داروں کے لیے اچھی وصیت کرجائے۔ جو متقی انسان ہیں ان کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے حق دار کو اس کا حق پہنچا دیا ہے۔ اب کوئی وصیت نہیں ہوگی۔‘‘ (ابوداؤد: ۲۸۷۲) جب تک وراثت کا قانون نہیں تھا اس وقت تک وصیت کرنے کا حق تھا۔ میراث كا قانون آنے کے بعد صرف كل مال كا تہائی حصہ غیر وارث کو دیا جاسکتا ہے: (۱) وارثوں کے حصے میں کمی بیشی نہیں ہوگی۔ (۲) کسی وارث کے حق میں وصیت نہیں ہوسکتی ۔ (۳) البتہ تہائی حصہ میں وصیت ہوسکتی ہے۔ اس میں فلاحی اداروں كو دینے ، صدقہ جاریہ كرنے اور کسی کی مدد كرنے كی گنجائش ہے۔ اپنی آخرت کی جواب دہی کے لیے وصیت کردینی چاہیے۔ انسان لمبی زندگی کی اُمید اور نا سمجھی کی وجہ سے وصیت کو اہمیت نہیں دیتا وارثوں کے لیے نہ چھوڑنا، ان کو غنی نہ کرنے والا جہنمی ہے۔ اللہ سے ڈرنے والے کو وصیت کرنی چاہیے۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے مسلمانوں پر حق ہے کہ جو اس کے پاس ہے اس کو دو راتیں بھی نہیں گزارنی چاہئیں کہ وہ وصیت نہ کرے۔ (بخاری: ۲۷۳۸)