نَبِّئْ عِبَادِي أَنِّي أَنَا الْغَفُورُ الرَّحِيمُ
(اے پیغمبر) میرے بندوں کو آگاہ کردے کہ بلاشبہ میں ہی ہوں کہ بخشنے والا رحمت والا ہوں۔
اللہ تعالیٰ سے اُمید بھی اور خوف بھی: اللہ تعالیٰ نے اپنی د وصفات کااکٹھاذکر کردیا ہے تاکہ نہ تو لوگ اللہ کی بخشش پر ہی تکیہ کرکے بے خوف ہوجائیں اور گناہ کے کاموں پر دلیر ہوجائیں اور نہ اللہ سے اتنا زیادہ ڈرنے ہی لگیں کہ اس کی رحمت سے مایوس ہوجائیں ۔ انہی دو صفات کا ذکر اکٹھا اور بھی بہت سے مقامات پر فرمایاہے مثلاً مومنوں کی ایک صفت یہ بیان فرمائی: ﴿یَدْعُوْنَ رَبَّھُمْ خَوْفًا وَّ طَمَعًا﴾ ا (السجدۃ: ۱۶) اپنے رب کو خوف اور اُمید کے ساتھ پکارتے ہیں۔ اور فرمایا: ﴿وَادْعُوْهُ خَوْفًا وَّ طَمَعًا اِنَّ رَحْمَتَ اللّٰهِ قَرِيْبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِيْنَ۔ ﴾ (الاعراف: ۵۶) ’’اور اسے خوف اور طمع سے پکارو بے شک اللہ کی رحمت نیک کام کرنے والوں کے نزدیک ہے۔‘‘ حدیث میں آیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :’’اگر بندے اللہ تعالیٰ کی معافی کو جان لیں تو حرام سے بچنا چھوڑ دیں اور اگر اللہ کے عذاب کو جان لیں تو اپنے آپ کو ہلاک کرڈالیں۔ ‘‘ (ابن کثیر: ۳/ ۱۱۷)