وَالْأَرْضَ مَدَدْنَاهَا وَأَلْقَيْنَا فِيهَا رَوَاسِيَ وَأَنبَتْنَا فِيهَا مِن كُلِّ شَيْءٍ مَّوْزُونٍ
اور (دیکھو) ہم نے زمین (کی سطح) پھیلا دی (یعنی ایسی بنا دی کہ تمہارے لیے بچھے ہوئے فرش کی طرح ہوگئی) اور اس میں پہاڑ گاڑ دیئے۔ نیز جتنی چیزیں اس میں اگائیں، سب وزن کی ہوئی اگائیں۔
ہر چیز کی پیدائش اور افزائش اللہ کے مقررہ اندازے کے مطابق ہی ہوسکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ اسی نے زمین کو پھیلایا۔ اس میں پہاڑ بنائے،جنگل اور میدان بنائے،کھیت اور باغات اور تمام چیزیں اندازے، مناسبت اور موزونیت کے ساتھ ہر موسم ہر ایک زمین اور ہر ایک ملک کے لحاظ سے ٹھیک پیدا کی۔ موجودہ تحقیقات سے یہ معلوم ہواہے کہ نباتات کی ہر نوع میں تناسل کی اس قدر زبردست طاقت ہے کہ اگر صرف ایک ہی پودے کو زمین میں بڑھنے اور پھلنے پھولنے کا موقع دیاجائے تو چند ہی سالوں میں اسی جنس کے پودے تمام روئے زمین پر پھیل جائیں اور کسی دوسری قسم کے پودے کے لیے کوئی جگہ باقی نہ رہے اور یہ علیم وحکیم اور قادر مطلق کاسوچا سمجھا اندازہ ہی ہے۔ جس کے مطابق ہرنوع کی پیداوار اُگ رہی ہے اور مخصوص حد تک پہنچ کر وہاں رک جاتی ہے۔