وَالَّذِينَ يَصِلُونَ مَا أَمَرَ اللَّهُ بِهِ أَن يُوصَلَ وَيَخْشَوْنَ رَبَّهُمْ وَيَخَافُونَ سُوءَ الْحِسَابِ
یہ وہ لوگ ہیں کہ اللہ نے جن رشتوں کے جوڑنے کا حکم دیا انہیں جوڑے رکھتے ہیں، اپنے پروردگار سے ڈرتے ہیں، حساب کی سختی کے خیال سے اندیشہ ناک رہتے ہیں۔
(۳) تیسری صفت یہ ہے، کہ وہ ان تمام روابط کا خیال رکھتے ہیں جن کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے خواہ یہ تمدن و معاشرت سے تعلق رکھتے ہوں اور اس میں والدین، قریبی رشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں اور ہمسایوں سب کے حقوق شامل ہیں۔ (۴) چوتھی صفت یہ ہے کہ وہ اپنے تمام معاملات میں خواہ یہ عبادت سے تعلق رکھتے ہوں یا معاملات سے، ہر معاملہ میں اللہ کی نافرمانی سے بچتے اور اس کی گرفت سے ڈرتے ہوں (۵) پانچویں صفت یہ ہے کہ انھیں ہر وقت آخرت کی باز پُرس کی فکر لگی رہتی ہو وہ اپنے نیک اعمال پر بھروسہ نہیں کرتے بلکہ اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ حساب کے مرحلہ کو آسان بنا دے