قَالَ هِيَ رَاوَدَتْنِي عَن نَّفْسِي ۚ وَشَهِدَ شَاهِدٌ مِّنْ أَهْلِهَا إِن كَانَ قَمِيصُهُ قُدَّ مِن قُبُلٍ فَصَدَقَتْ وَهُوَ مِنَ الْكَاذِبِينَ
(اس پر) یوسف نے کہا خود اسی نے مجھ پر ڈورے ڈالے اور مجبور کیا کہ پھسل پڑوں (میں نے ہرگز ایسا نہیں کیا) اور (پھر ایسا ہوا کہ) اس عورت کے کنبہ والوں میں سے ایک گواہ نے گواہی دی، اس نے کہا، یوسف کا کرتا (دیکھا جائے) اگر آگے سے دو ٹکڑے ہوا ہے تو عورت سچی ہے، یوسف جھوٹا ہے۔
جب حضرت یوسف علیہ السلام نے دیکھا کہ وہ عورت تمام الزام ان پر دھر رہی ہے اور خیانت کی بدترین تہمت لگتی دیکھی تو اپنے اوپر سے الزام ہٹانے اور صاف اور سچی حقیقت کے ظاہر کر دینے کے لیے فرمایا کہ یہی میرے پیچھے پڑی تھیں۔ میرے بھاگنے پر مجھے پکڑ رہی تھیں یہاں تک کہ میراکرتا بھی پھاڑ دیا انھی کے خاندان کا کوئی سمجھ دار آدمی تھا جس نے یہ فیصلہ کیا (فیصلہ کو یہاں شہادت کے لفظ سے تعبیر کیا گیا) اور ثبوت اور دلیل کے ساتھ ان سے کہا کہ پھٹے ہوئے کرتے کو دیکھ لو اگر وہ سامنے کے رخ سے پھٹا ہوا ہے تو ظاہر ہے کہ عورت سچی ہے اور یوسف جھوٹا ہے اور اگر اس کا کرتا پیچھے سے پھٹا ہے تو عورت کے جھوٹا اور مرد کے سچا ہونے میں شبہ نہیں۔