فَلَا تَكُ فِي مِرْيَةٍ مِّمَّا يَعْبُدُ هَٰؤُلَاءِ ۚ مَا يَعْبُدُونَ إِلَّا كَمَا يَعْبُدُ آبَاؤُهُم مِّن قَبْلُ ۚ وَإِنَّا لَمُوَفُّوهُمْ نَصِيبَهُمْ غَيْرَ مَنقُوصٍ
پس (اے پیغبر) یہ لوگ جو (خدا کے سوا دوسری ہستیوں کی) پرستش کرتے ہیں تو اس بارے میں تجھے کوئی شبہ نہ ہو۔ (یعنی اس بارے میں کہ ان کا کیا حشر ہونے والا ہے؟) یہ اسی طرح پرستش کر رہے ہیں جس طرح ان سے پہلے ان کے باپ دادا کرتے رہے ہیں، ایسا ضرور ہونے والا ہے کہ ہم ان (کے اعمال کے نتائج) کا حصہ انہیں پورا پورا دیں گے، بغیر کسی کمی کے۔
یہ خطاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کومحض تاکید مزید کے لیے ہے ورنہ خطاب عام لوگوں کو ہے۔مشرکوں کے شرک کے باطل ہونے میں ہرگز شبہ نہ کرنا ان کے پاس سوائے باپ دادا کی بھونڈی تقلید کے اور کوئی دلیل ہی کیا ہے؟ ان کی نیکیاں انھیں دنیا میں ہی مل جائیں گی آخرت میں عذاب ہی عذاب ہوگا۔ خیرو شر کے سب وعدے پورے ہونے والے ہیں ان کے عذاب کا مقررہ حصہ انھیں ضرور پہنچے گا۔