سورة البقرة - آیت 4

وَالَّذِينَ يُؤْمِنُونَ بِمَا أُنزِلَ إِلَيْكَ وَمَا أُنزِلَ مِن قَبْلِكَ وَبِالْآخِرَةِ هُمْ يُوقِنُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

نیز وہ لوگ جو اس (سچائی) پر ایمان رکھتے ہیں۔ جو تم پر (یعنی پیغمبر اسلام پر) نازل ہوئی ہے اور ان تمام (سچائیوں پر) جو تم سے پہلے (یعنی پیغمبر اسلام سے پہلے) نازل ہوچکی ہیں اور (ساتھی ہی) آخرت (کی زندگی) کے لیے بھی ان کے اندر یقین ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

انبیاء پر اتاری گئی کتابوں پر ایمان لانا۔ اب صرف قرآن پر ایمان لانا ہے ۔ ایمان بالغیب اتنا اہم جزوہے جو انسان کی زندگی بدل کر اُسے سیدھے راستے اور تقویٰ اختیار کرنے پر مجبور کردیتا ہے اس لیے آخرت پر ایمان کا ذکر علیحدہ سے کیا گیا ہے اور یہ ایمان بالغیب کی پانچویں شرط ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس جہان میں کوئی چیز بھی بے مقصد پیدا نہیں کی۔ انسان بھی مرنے کے بعد دوبارہ اٹھایا جائے گا اور اپنے تمام اعمال كا اللہ کے سامنے جوابدہ ہوگا۔ جو کامیاب ہوگا جنت میں داخل ہوگا اور نافرمان ، کافر اور مشرک جہنم میں جائے گا۔