سورة الاعراف - آیت 196

إِنَّ وَلِيِّيَ اللَّهُ الَّذِي نَزَّلَ الْكِتَابَ ۖ وَهُوَ يَتَوَلَّى الصَّالِحِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

میرا کارساز تو بس اللہ ہے جس نے یہ کتاب نازل فرمائی اور وہی ہے جو نیک انسانوں کی کارسازی کرتا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جب میرا سر پرست اور کار ساز اللہ ہے، جس نے یہ قرآن نازل کیا تو پھر مجھے تمہارے معبودو ں سے نقصان پہنچنے کا کیا خطرہ ہو سکتا ہے، حقیقت یہ ہے کہ یہ بات صرف مجھی پر منحصر نہیں، اللہ اپنے سب نیک بندوں کی سرپرستی فرماتا ہے، اوراللہ کی یہ سر پرستی کیا کم ہے کہ اس نے قرآن جیسی بابرکت کتاب ہمارے لیے نازل فرمائی جو زندگی کے ہر پہلو میں ہماری راہنمائی کرتی ہے۔ اللہ حمایت کیسے کرتا ہے: نیکی کرنے کی توفیق اللہ ہی دیتا ہے،اسلام کے راستے پر چلنے کی توفیق دیتا ہے،اور مدد بھی کر تا ہے، یہ بھی اللہ کی تو فیق اور مدد ہے کہ وہ مہلت دیتا ہے منہ موڑ نے والے اسکے راستے پر پلٹ آئیں ۔