سورة الاعراف - آیت 71

قَالَ قَدْ وَقَعَ عَلَيْكُم مِّن رَّبِّكُمْ رِجْسٌ وَغَضَبٌ ۖ أَتُجَادِلُونَنِي فِي أَسْمَاءٍ سَمَّيْتُمُوهَا أَنتُمْ وَآبَاؤُكُم مَّا نَزَّلَ اللَّهُ بِهَا مِن سُلْطَانٍ ۚ فَانتَظِرُوا إِنِّي مَعَكُم مِّنَ الْمُنتَظِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

ہود نے کہا یقین کرو تمہارے پروردگار کی طرف سے تم پر عذاب اور غضب واقع ہوگیا ہے ( کہ عقلیں ماری گئی ہیں اور اپنے ہاتھوں اپنے کو تباہی کے حوالے کر رہے ہو) کیا ہے جس کی بنا پر تم مجھ سے جھگڑ رہے ہو؟ محض چند نام جو تم نے اور تمہارے برزگوں نے اپنے جی سے گھڑ لیے ہیں اور جن کے لیے خدا نے کوئی سند نہیں اتاری۔ اچھا (آنے والے وقت کا) انتظار کرو میں بھی تمہارے ساتھ انتظار کروں گا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ہود علیہ السلام نے قوم کے سرداروں کو جواب دیا کہ جب تمہاری سرکشی اور بے حیائی اس حد تک پہنچ چکی ہے تو پھر سمجھ لو کہ تم پراللہ کا عذاب آنے ہی والا ہے۔ قوم ہود نے بھی پانچ نام رکھے ہوئے تھے جن کا ذکر قرآن کریم میں ہے۔ جیسے مشرکین مکہ کے بتوں کے نام لات، عزی، منات، ہبل وغیرہ تھے۔ یا جیسے آج کل کے مشرکانہ عقائد میں ملوث لوگوں کے نام رکھے ہوئے ہیں۔ مثلاً داتا گنج بخش، خواجہ غریب نواز، بابا فرید شکر گنج مشکل کشا وغیرہ، جن کے مشکل کشا و گنج بخش ہونے کی کوئی دلیل ان لوگوں کے پاس نہیں۔ اللہ کا عذاب: تیز ہوا کا عذاب، جو سات راتیں اور آٹھ دن مسلسل جاری رہا، جس نے ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا، اور یہ قوم جن کو اپنی قوت پر بڑا ناز تھا، کھجور کے کٹے ہوئے تنوں کی طرح زمین پر پڑے ہوئے نظر آئے تھے۔ ہوا ان میں سے ایک ایک کو اٹھا کر آسمان کی بلندی کی طرف لے جاتی اور وہاں سے گراتی، جس سے سر الگ ہوجاتا اور دھڑ الگ گر جاتا۔