وَإِذْ أَخَذْنَا مِيثَاقَكُمْ وَرَفَعْنَا فَوْقَكُمُ الطُّورَ خُذُوا مَا آتَيْنَاكُم بِقُوَّةٍ وَاسْمَعُوا ۖ قَالُوا سَمِعْنَا وَعَصَيْنَا وَأُشْرِبُوا فِي قُلُوبِهِمُ الْعِجْلَ بِكُفْرِهِمْ ۚ قُلْ بِئْسَمَا يَأْمُرُكُم بِهِ إِيمَانُكُمْ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ
اور پھر جب ایسا ہوا تھا کہ ہم نے (دین الٰہی پر قائم رہنے کا) تم سے عہد لیا تھا اور کوہ طور کی چوٹیا تم پر بلند کردی تھیں (تو تم نے اس کے بعد کیا کیا؟ تمہیں حکم دیا گیا تھا کہ) جو کتاب تمہیں دی گئی ہے اس پر مضبوطی کے ساتھ جم جاؤ اور اس کے حکموں پر کاربند ہو، تم نے (زبان سے) کہا سنا اور (دل سے کہا) نہیں مانتے۔ اور پھر ایسا ہوا کہ تمہارے کفر کی وجہ سے تمہارے دلوں میں بچھڑے کی پوجا رچ گئی (اے پیغمبر) ان سے کہو (دعوت حق سے بے نیازی ظاہر کرتے ہوئے) تم اپنے جس ایمان کا دعوی کرتے ہو اگر وہ یہی ایمان ہے تو افسوس اس ایمان پر، کیا ہی بری راہ ہے جس پر تمہارا ایمان تمہیں لے جا رہا ہے
اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا کہ تورات کے احکام کو توجہ سے سنو لیکن چونکہ ان کے دلوں میں بچھڑے کی پوجا نے گھر کرلیا ہوا تھا۔ اس لیے انھوں نے اللہ کے حکم کی کوئی پرواہ نہ کی: (۱) اگر انسان اللہ کے احکام کو غور سے سنے تو وہ ضرو ر حق کو پالیتا ہے۔ (۲) توجہ سے سننے سے ہی حق دل و دماغ میں اترتا ہے۔ (۳) پھر تمناؤں کا مرکز بدل جاتا ہے ۔(۴) حق انسان کے اندر انقلاب برپا کردیتا ہے۔ (۵) پھر تعصب اور مصلحت کی دیواریں گر جاتی ہیں۔ (۴) پھر انسان اپنے آپ کو حق کے ساتھ شامل کرلیتا ہے۔ اور حق کا گواہ بن جاتا ہے۔ (۷) جب انسان توجہ سے سُن لے تو پھر مان بھی لیتا ہے اور پھر اس پر عمل بھی کرتا ہے۔ (۸) جو اپنی مصلحتوں کی خاطر حق چھوڑ دیتا ہے اس کے لیے کوئی معافی نہیں۔ (۹) پھر اللہ تعالیٰ انسان کے دلوں میں خواہشات کی محبت بٹھا دیتا ہے پھر انسان میں انا پرستی اور خواہش پرستی پیدا ہوتی ہے۔ میں بھی انا پرست ہوں تو بھی انا پرست ہے اللہ کا تعلق ہمیشہ رہنے والا ہے باقی ہر چیز فانی ہے۔ دنیاوی تعلیم بھی ضروری ہے مگرفنا ہونے والی ہے۔ جبکہ اللہ کے کلام سے تعلق دنیا میں بھی کام آئے گااور آخرت میں بھی ۔قرآن میں ہے یقیناً وعدہ وہ چیز ہے جس کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کا کوئی دین نہیں جس کا کوئی عہد نہیں ۔(مسند احمد: ۳/ ۱۳۵، ح: ۱۲۳۸۳) آپ نے عہد کیا تھا کہ اللہ کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانا ہے اور آپ نے یہ وعدہ پورا کیا۔ جو شخص کان لگاکر کسی آیت کو سنے تو اس کے لیے کثرت سے پڑھنے والی نیکی لکھی جاتی ہے اور اگر وہ اسے پڑھے تو یہ اس کے لیے قیامت کے دن نور ہوگا۔