سورة محمد - آیت 1

الَّذِينَ كَفَرُوا وَصَدُّوا عَن سَبِيلِ اللَّهِ أَضَلَّ أَعْمَالَهُمْ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

جن لوگوں نے کفر کیا اور اللہ کی راہ سے روکا تو اللہ تعالیٰ نے ان کے اعمال کو ضائع کردیا (١)۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

تفسیر وتشریح۔ (١) اس سورۃ کا دوسرا نام سورۃ القتال بھی ہے یہ سورۃ ہجرت کے بعد جنگ بدر سے پہلے نازل ہوئی اس کاموضوع مسلمانوں کو جنگ کے لیے تیار کرنا اور اس کے متعلق ابتدائی ہدایات دینا ہے اس لیے اس سورۃ میں مسلمانوں کی ہمت بندھائی ہے اور کفار کو تباہی سے ڈرایا ہے اور منافقین کے اعمال کی بربادی کا اعلان کیا گیا ہے۔ جب سورۃ کے آخر میں مسلمانوں کو انفاق فی سبیل اللہ کی دعوت دی گئی ہے اور جس قدر ہوسکے مالی وسائل کو کام میں لانے کی ترغیب دی گئی ہے۔