سورة السجدة - آیت 26

أَوَلَمْ يَهْدِ لَهُمْ كَمْ أَهْلَكْنَا مِن قَبْلِهِم مِّنَ الْقُرُونِ يَمْشُونَ فِي مَسَاكِنِهِمْ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ ۖ أَفَلَا يَسْمَعُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کیا ان کو اس بات سے ہدایت نہیں ملی کہ ہم ان سے پہلے کتنی قومیں ہلاک کرچکے ہیں جن کے رہنے کی جگہوں میں یہ لوگ چلتے پھرتے ہیں بلاشبہ اس میں بہت سی نشانیاں ہیں کیا یہ سنتے نہیں ہیں؟ (٧)۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٧) آیت ٢٦ میں کفار قریش کی تنبیہ کی ہے کہ تاریخ کے مسلسل عمل اور تجربے سے سبق حاصل کرو جس قوم نے بھی اللہ کے رسول کو جھٹلایا ہے وہ دنیا سے مٹ گئی، آج تم اپنے پیغمبر سے بار بار عذاب کا مطالبہ کرتے ہو، لیکن یاد رکھو کہ جب وہ عذاب آئے گا تو پھر تم کو سنبھلنے کا موقع نصیب نہیں ہوگا اور اس وقت ایمان لانا لاحاصل ہوگا لہذا اے پیغمبر آپ ان کی تباہی کا کچھ دیرانتظار کریں جیسا کہ یہ لوگ تمہاری تباہی کے منتظر ہیں۔