سورة العنكبوت - آیت 61

وَلَئِن سَأَلْتَهُم مَّنْ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ وَسَخَّرَ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ لَيَقُولُنَّ اللَّهُ ۖ فَأَنَّىٰ يُؤْفَكُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اگر ان مشرکین سے تم پوچھو کہ وہ کون ہے جس نے آسمان اور زمین پیدا کیے؟ اور سورج اور چاند کو اس ترتیب اور نظام عجیب پر مسخر کردیا؟ تو بے اختیار بول اٹھیں گے کہ اللہ تو پھر یہ گمراہ کہاں بھٹکے جارہے ہیں (٢١)۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٢١) آیت ٦١ تا ٦٣ میں مشرکین مکہ سے خطاب ہے اور قرآن مجید عموما توحید ربوبیت سے توحید الوہیت پراستدلال کرتا ہے چنانچہ یہاں بھی یہی فرمایا جب ساری نعمتیں اللہ کی عطا کردہ ہیں اور تم اس کا اعتراف کرتے ہو تو ضروری ہے کہ شکر بھی اسی کا ادا کرو اور اسکی عبادت میں کسی کو شریک نہ کرو۔ توحید اسلامی کے متعلق یہ ایک عالمگیر ضلالت ہے جس میں آج مختلف صورتوں کے اندر عالم اسلام گرفتار ہے لوگ بھول گئے ہیں کہ اسلام کا مایہ شرف محض اعتقادتوحید نہیں بلکہ تکمیل توحید ہے اور تکمیل توحید کی اصل اساس توحیدفی الصفات ہے مشرکین مکہ کبھی اللہ تعالیٰ کے منکر نہ تھے وہ کبھی یہ نہیں کہتے تھے کہ جن بتوں کی ہم پوجا کرتے ہیں یہی خالق ارض وسماوات ہیں خدا کے سوا کسی کو نفع ونقصان کا مالک تصور کرنا یا اللہ کی اس طرح تعظیم بجالانا سب شرک فی الصفات کی صورتیں ہیں اس لیے منافی توحید اور یہی حالت مشرکین عرب کی تھی۔