وَنَضَعُ الْمَوَازِينَ الْقِسْطَ لِيَوْمِ الْقِيَامَةِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَيْئًا ۖ وَإِن كَانَ مِثْقَالَ حَبَّةٍ مِّنْ خَرْدَلٍ أَتَيْنَا بِهَا ۗ وَكَفَىٰ بِنَا حَاسِبِينَ
اور ہم قیامت کے دن انصاف کے ترازو کھڑے کردیں گے، پس کسی جان کے ساتھ ذرا بھی ناانصافی نہ ہوگی، اگر رائی برابر بھی کسی کا عمل ہوگا تو ہم اسے زمین میں لے آئیں گے، جب ہم (خود) حساب لینے والے ہوں تو پھر اسکے بعد کیا باقی رہا؟
آیت (٤٧) میں یہ حقیقت واضح کی ہے کہ فطرت کا ترازو بڑا ہی دقیقہ سنج ہے۔ ایک ذرہ ہے ایک ذرہ بھی اس کی تول میں کم نہیں ہوسکتا۔ کوئی عمل کتنا ہی حقیر ہو مثلا تم نے کسی مصیبت زدہ پر ہمدردی کی ایک اچٹتی ہوئی نظر ڈالی دی، راہ چلتے ایک پتھر ہٹا دیا، ایک پیاسی چیونٹی کے آگے پانی کا قطرہ ٹپکا دیا، مگر ضروری ہے کہ اس کے وزن میں آجائے۔ ایسا کبھی نہیں ہوسکتا کہ رائگاں جائے۔ اور تم خود اپنی زندگی ہی میں دیکھ لو۔ فطرت کے قانون مجازات کی دقائق اندیشوں کا کیا حال ہے؟ تم نے ایک پل کے لیے کسی پر ہمدردی کی نظر ڈالی اور معا تمہارے اندر حسن اخلاق کا ایک نقش جم گیا، تم نے کسی جانور پر بھی بے رحمی کی نگاہ ڈالی اور تمہارے آئینہ اخلاق میں قساوت کا بال پڑگیا۔ تمہاری کوئی چھوٹی سے چھوڑی بات بھی تمہیں بدلہ دیے بغیر نہیں رہ سکتی اور بدلہ ٹھیک ٹھیک نپا تلا ہوتا ہے۔ رائی برابر بھی ادھر ادھر نہیں۔