سورة النحل - آیت 92

وَلَا تَكُونُوا كَالَّتِي نَقَضَتْ غَزْلَهَا مِن بَعْدِ قُوَّةٍ أَنكَاثًا تَتَّخِذُونَ أَيْمَانَكُمْ دَخَلًا بَيْنَكُمْ أَن تَكُونَ أُمَّةٌ هِيَ أَرْبَىٰ مِنْ أُمَّةٍ ۚ إِنَّمَا يَبْلُوكُمُ اللَّهُ بِهِ ۚ وَلَيُبَيِّنَنَّ لَكُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مَا كُنتُمْ فِيهِ تَخْتَلِفُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور دیکھو تمہاری مثال اس عورت کی سی نہ ہوجائے جس نے بڑی محنت سے سوت کا تا، پھر توڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔ تم آپس کے معاملہ میں اپنی قسموں کو مکرو و فساد کا ذریعہ بناتے ہو، اس لیے کہ ایک گروہ (کسی) دوسرے گروہ سے (طاقت میں) بڑھ چڑھ گیا ہے (یاد رکھو) اللہ اس معاملہ میں تمہاری (راست بازی و استقامت کی) آزمائش کرتا ہے (کہ تم طاقتور گروہ کا پاس کرنے لگتے ہو یا اپنے قول و قرار کا) جن جن باتوں میں تمہارے اختلاف ہیں ضرور ایسا ہوگا کہ وہ قیامت کے دن (حقیقت حال) تم پر آشکارا کردے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

یہاں خصوصیت کے ساتھ جماعتی عہد و قرار کے احترام پر زور دیا ہے۔ چنانچہ فرمایا (تتخذون ایمانکم دخلا بینکم ان تکون امۃ ھی اربی من امۃ) اگر تم نے ایک گروہ سے معاہدہ کیا ہے اور کل کو اس کا مخالف گروہ زیادہ طاقتور نظر آئے تو محض اس لیے کہ طاقتور کا ساتھ دینا تمہارے لیے زیادہ مفید ہوگا، نہ کہ کمزور کا، بد عہدی پر آمادہ ہوجاؤ۔ جب تم نے ایک گروہ سے قول و قرار کرلیا تو ہر حال میں اس کا پورا کرنا لازمی ہوگیا۔ خواہ وہ کمزور ہوگیا ہو، خواہ طاقتور، اگر اس کے مخالف طاقتور ہوگئے ہیں اور ان کے خلاف جانے میں تمہارے لیے خطرات ہیں تو تمہارا فرض ہے کہ خطرات برداشت کرو، کیونکہ تم عہد کرچکے ہو۔ پھر اس طرح کی بدعہدی کی مثال کیا ہے ؟ فرمایا (کالتی نقضت غزلھا من بعد قوۃ انکاثا) اس عورت کی سی ہے جس نے بڑی جانفشانی سے سوت کا تا اور پھر خود ہی ٹکڑے ٹکڑے کر کے برباد کردیا۔ یعنی جب ایک شخص یا ایک گروہ کوئی معاہدہ کرتا ہے تو اس کی پختگی کے لیے بڑی بڑی باتیں کرتا ہے اور ہر طرح دوسرے فریق کو یقین دلاتا ہے۔ پھر اگر ایک بات اتنی کوشش کے بعد پختہ کی گئی ہے، تو کیونکر جائز ہوسکتا ہے کہ جس نے کل پختہ کی تھی وہی آج اسے اپنے ہاتھوں سے توڑ کر رکھ دے؟