سورة المآئدہ - آیت 105

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا عَلَيْكُمْ أَنفُسَكُمْ ۖ لَا يَضُرُّكُم مَّن ضَلَّ إِذَا اهْتَدَيْتُمْ ۚ إِلَى اللَّهِ مَرْجِعُكُمْ جَمِيعًا فَيُنَبِّئُكُم بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اے ایمان والو ! تم اپنی فکر کرو۔ اگر تم صحیح راستے پر ہوگے تو جو لوگ گمراہ ہیں وہ تمہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ (٧٢) اللہ ہی کی طرف تم سب کو لوٹ کر جانا ہے، اس وقت وہ تمہیں بتائے گا کہ تم کیا عمل کرتے رہے ہو۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

﴿عَلَيْكُمْ أَنْفُسَكُمْ﴾: (ف1) اس آیت میں بتایا ہے کہ اصلاح سے قبل صلاح وتقوی کی ضرورت ہے ، اگر ہر شخص بجائے خود نیک اور متقی ہوجائے تو تبلیغ واشاعت کی قطعا ضرورت نہیں ، سب سے پہلے خود پرہیزگار اور صالح بننے کی حاجت ہے نہ یہ کہ اصلاح اور قیادت کے میدان میں آجائے اور ذاتی طور پر تقوی اور اصلاح نفس کے اسرار سے نامحرم ہو ، وہ شخص جو عامل نہیں ہے ، کتاب وسنت کی پروا نہیں کرتا فرائض میں سست وکاہلی ہے ، معاملات میں اچھا نہیں تھا عقائد کو چنداں اہمیت نہیں دیتا ، اس سے کیا توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں، وہ جو کچھ کہے گا اور جو کچھ کرے گا ، ریا کاری اور دکھلاوے کے لئے جس کا بالکل اثر نہیں ہوتا ، لہذا قرآن کی تعلیم یہ ہے کہ پہلے خود نفس کی اصلاح کرو ، عادات واخلاق کو سنوارو ، اچھے اور نیک بنو ، شریعت پر عمل کرو ، خلوص وایثار ، کا شیوہ اختیار کرو ، پھر دیکھو کفر ومعصیت سے تمہیں قطعا نقصان نہیں پہنچے گا تم کامیاب رہو گے ، اور تمہاری ہدایت گمراہی اور ضلالت پر غالب آجائے گی ۔