سورة الطور - آیت 41

أَمْ عِندَهُمُ الْغَيْبُ فَهُمْ يَكْتُبُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

کیا ان کے پاس غیب کا علم ہے جسے یہ لکھ لیتے ہیں

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

ف 3: انکار کی ایک وجہ یہ ہوسکتی تھی ۔ کہ علوم نبوت کے علاوہ کچھ ان کے پاس بھی اسرار اور رموز ہوں ۔ اور یہ ان پر قانع ہوں ۔ مگر یہ بات بھی تو نہیں میسر تھی ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر نبوت کی نعمت تمام ہوچکی تھی ۔ اور غیوب کی سب راہیں مسدود ۔ یہ ناممکن تھا کہ اس مہیط وحی والہام کے علاوہ کہیں یہ بھی فیوض کا دریا جاری ہو ۔ اور نبوت ورسالت کو چھوڑ کر تذکیر اور عبرت پذیری کے کچھ دوسرے وسائل بھی ہوں ۔ اس لئے بہتر یہی تھا ۔ کہ یہ لوگ اپنے معتقدات وہم وخیال کو چھوڑ کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اطاعت کرتے اور عقل سے کام لے کر اسلام کی صداقتوں کو مان لیتے *۔