سورة الأحقاف - آیت 21

وَاذْكُرْ أَخَا عَادٍ إِذْ أَنذَرَ قَوْمَهُ بِالْأَحْقَافِ وَقَدْ خَلَتِ النُّذُرُ مِن بَيْنِ يَدَيْهِ وَمِنْ خَلْفِهِ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا اللَّهَ إِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اے نبی۔ آپ انہیں قوم عاد کے بھائی (ہود) کا قصہ سنائیے (٥) جبکہ انہوں نے احقاف میں اپنی قوم کو ڈرایا اور ان سے پہلے بھی اور ان کے بعد بھی بہت سے ڈر سنانے والے (پیغمبر) گزرچکے ہیں کہ تم اللہ کے سوا کسی کی عبات نہ کرو میں تم پر ایک بڑے سخت دن کے عذاب سے ڈرتا ہوں (٦)۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

حضرت ہود (علیہ السلام) کی قوم (ف 2) تذکیر بایام اللہ کے اصول کے مطابق گزشتہ قوموں کے حالات بیان فرمائے ہیں کہ کیونکر نافرمانی اور سرکشی کی وجہ سے ان پر اللہ کا عذاب آیا ۔ حضرت ہود کا ذکر تھا کہ انہوں نے آکر اپنی قوم کو بتوں کی پرستش سے روکا ۔ اور کہا کہ اگر تم ایک اللہ کی عبادت نہیں کرو گے ۔ اس خالق ارض وسما کے سامنے نہیں جھکوگے ۔ اور اپنی بندگی اور عبودیت کا ثبوت نہیں دوگے ۔ تو مجھے ڈر ہے کہ اس یوم عظیم میں تمہارے لئے عذاب مقدر نہ ہو ۔ ایسا نہ ہو تم لوگ اپنی گمراہی کی وجہ سے اللہ کے غضب وخشم کو آزماؤ۔ انہوں نے بجائے اس کے کہ اس خیر وبرکت کی تعلیم کو تسلیم کرلیتے اور عقیدہ توحید کو مان لیتے صاف انکار کرکے کہہ دیا کیا آپ ہم سے ہمارے معبودوں کو چھڑاتے ہیں ۔ اور چاہتے ہیں کہ ہم ان دیوتاؤں سے بدظن ہوجائیں جن کو برسوں پوجا ہے اور عمریں گزری ہیں کہ انہیں کی عبادت کرتے چلے آئے ہیں ۔ جب سے ہم نے آنکھیں کھولی ہیں باپ دادا کو انہیں کا حلقہ بگوش پایا ہے ۔ آج آپ کے کہنے پر ان دیرینہ تعلقات ارادت کو کیونکر چھوڑ دیں ۔ اور کیونکر گوارا کرلیں کہ یہ معبود ہم سے ناراض ہوجائیں ۔ آپ کو اختیار ہے آپ اپنی سی کر دیکھیں ۔ اور اللہ کو دعوت دیں کہ وہ ہمیں اس گستاخی کی پاداش میں عذاب سے دو چار کرے ۔ اگر واقعی آپ اللہ کی طرف سے آئے ہیں تو پھر عذاب کو ہم پر ضرور نازل کروائیے ۔ ہم اس کو برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ حضرت ہود (علیہ السلام) نے ان کی اس جہالت اور بےوقوفی پر ترس کھا کر کہا کہ پورا علم تو خدا ہی کو ہے کہ وہ کب تم پر عذاب بھیجنا چاہتا ہے ۔ میں تو اس کا پیامبر ہوں اور میرا کام تو صرف یہ ہے کہ اس پیغام کو تم تک پہنچادوں جس کو لے کر میں مبعوث ہوا ہوں ۔ اور حتیٰ الامکان کوشش کروں کہ تم اللہ کی ناراضی سے بچ جاؤ۔ مگر میں دیکھتا ہوں کہ تم بالکل جاہل ہو ۔ اور خود اپنے نفع ومضرات سے آشنا نہیں ہو ؟ تم ضرور عذاب کو حاصل کرکے رہوگے ۔ چنانچہ ایک دن انہوں نے دیکھا کہ بادل افق سے اٹھا اور ان کی وادیوں کے بالکل مقابل آگیا ۔ اس پر یہ خوش ہونے لگے کہ خوب بارش ہوگی اور ہمارے کھیت سر سبز وشاداب ہوجائیں گے ۔ حالانکہ وہ عذاب تھا اور ان کی جلد بازی کا نتیجہ تھا ۔ بادل کے ساتھ تیز اور تند ہوا چلی اور ان کی آبادیاں چند لمحوں میں ہلاک ہوکر رہ گئیں ۔ فرمایا ان لوگوں کو ہم نے زمین میں وہ قوت اور ملک میں وہ اختیارات دے رکھے تھے کہ تم اس سے بہرہ ور نہیں ہو ۔ پھر جب انہوں نے ان اختیارات سے صحیح صحیح کام نہ لیا ۔ اور حق وصداقت کی طرف سے انہوں نے اپنی توجہ کو دوسری طرف پھیر لیا تو اللہ کی ناراضی شکار ہوگئے ۔ اس طرح تمہارے لئے بھی یہ ممکن ہے کہ اگر تم توبہ نہ کرو اور حضور (ﷺ) کے پیغام کو تسلیم نہ کرو تو باوجود تمہاری دولت مندی کے تم کو حرف غلط کی طرح مٹادیا جائے ۔