سورة فاطر - آیت 8

أَفَمَن زُيِّنَ لَهُ سُوءُ عَمَلِهِ فَرَآهُ حَسَنًا ۖ فَإِنَّ اللَّهَ يُضِلُّ مَن يَشَاءُ وَيَهْدِي مَن يَشَاءُ ۖ فَلَا تَذْهَبْ نَفْسُكَ عَلَيْهِمْ حَسَرَاتٍ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ بِمَا يَصْنَعُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

بھلا وہ شخص جس کے لیے اس کابراعمل خوشنما بنادیا گیا اور وہ اسے اچھا سمجھ رہا ہے حقیقت یہ ہے کہ اللہ جسے چاہتا ہے گمراہی میں ڈال دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے پس (اے نبی) ان کافروں پر حسرتیں کھاکر کہیں آپ کی جان نہ جاتی رہے جو کچھ یہ کررہے ہیں اللہ خوب جانتا ہے (٤)۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

شیطان کی حسین کمندیں (ف 1) جس طرح دنیا کی سعادت کے لئے یہ ضروری ہے کہ دوستوں اور دشمنوں میں امتیاز کیا جائے ۔ اسی طرح فلاح اخروی کے لئے ناگزیر ہے کہ شیطان کو اپنا دشمن سمجھاجائے ۔ اور اس کے متعلق محکم یقین ہو کہ وہ دوستی اور خیر خواہی کا کبھی ارادہ نہیں کرے گا ۔ اس کی تمام چالیں محض اس لئے ہونگی کہ کسی طرح اس کا گروہ الگ پیدا ہوجائے ۔ اور ان سب کو وہ جہنم کا کندا بنا دے ۔ اور اسی طرح وہ مخلوق خدا سے انتقام لے کر اپنا کلیجہ ٹھنڈا کرے ۔ یہ یاد رہے کہ شیطان کبھی براہ راست حملہ نہیں کرتا ۔ کبھی جرات کے ساتھ گمراہی کی جانب دعوت نہیں دیتا ۔ اور کبھی کھلم کھلا مقابلے میں نہیں آتا ۔ بلکہ وہ نہایت حسین حسین کمندیں لے کر بڑھتا ہے ۔ چاندی اور سونے کی زنجیریں پہناتا ہے ۔ اور خفیہ خفیہ دل کی چھاؤنی پر چھا جاتا ہے ۔ اس کے پاس انسان کو پھانسنے کے لئے بےشمار خوبصورت ذریعے ہیں ۔ وہ مال ودولت کی شکل میں نمودار ہوتا ہے ۔ وہ عزت وجاہ کا تاج لے کر آتا ہے ۔ وہ بیوی بچوں کی محبت بن کر پاؤں پکڑ لیتا ہے ۔ اور اس طرح نامحسوس طریق سے حق کی منزل سے دور پھینک دیتا ہے ۔ اس لئے سالک راہ محبت کے لئے ضروری ہے کہ وہ دقت نظرکا مالک ہو ۔ اور جانتا ہو کہ کن کن راہوں سے مخالف حملہ آور ہوگا ۔ اس کو خواہشات پر سخت نگرانی کرنا ہوگی اور دل کے خیالات پر پہرہ بٹھانا ہوگا ۔ (ف 2) فرمایا کہ مرد مومن جو ایمان کی بہرہ مندی کے ساتھ دولت اعمال سے بھی مالا مال ہے ۔ اور وہ جو برائی کی ظاہری سج دھج سے متاثر ہوکر گناہوں میں گرفتار ہوگیا برابر نہیں ہیں ۔ یہ اللہ کا دین ہے جس کو چاہے ہدایت کی توفیق دے اور جس کو چاہے اس نعمت سے محروم رکھے ۔ اے پیغمبر ! آپ مغموم نہ ہوں ۔ اور ان کے گناہوں پر تکلیف والم کو محسوس نہ کریں ۔ کیونکہ انہوں نے خود کوتاہی نظر کے باعث اس گمراہی کو پسند کیا ہے ۔ اور یہ چاہتے ہیں کہ کفر ہی کی حالت میں ہمیشہ رہیں ۔ معلوم ہوا کہ حضور (ﷺ) کو ان لوگوں کی گمراہی سے روحانی اذیت محسوس ہوتی تھی اور آپ یہ نہیں چاہتے تھے ، کہ ایک نفس بھی اللہ کی رحمت سے محروم رہے اور جہنم میں جائے ۔ آپ کی بعثت کا مقصد ہی یہ تھا کہ بنی نوع انسان کو گناہوں کی تاریکی سے نکال کر صداقت کی روشنی میں لے آئیں ۔ حل لغات : حَسَرَاتٍ۔ حسرۃ کی جمع ہے ۔ بمعنی افسوس ۔ پشیمانی ۔