سورة الشعراء - آیت 144

فَاتَّقُوا اللَّهَ وَأَطِيعُونِ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

سو ڈرو تم اللہ سے اور میری اطاعت کرو

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

قوم ہود (علیہ السلام) کی سرکشی اور ہلاکت (ف 1) جس طرح کفر و انکار کی ماہیت یکساں ہے ۔ اسی طرح ایمان ویقین کی حقیقت ایک ہے ۔ جس طرح آدم (علیہ السلام) نے توحید کی اولین شمع روشن کی ۔ اسی طرح انبیاء ما بعد نے تفرید کا اجالا پیش کیا ۔ چنانچہ آپ انبیا کی تعلیم میں ایک نوع کی وحدت دیکھیں گے ۔ اور محسوس کریں گے کہ ان لوگوں کا منبع ایک ہے ۔ ماخذ ایک ہے ، تعلیم ایک ہے ، اور پیغام ایک ہے اور یہ واقعہ ہے کہ صداقت ہمیشہ حقیقت ہوتی ہے ۔ حضرت ہود نے قوم کو تقویٰ اور پرہیزگاری کی دعوت دی تھی ۔ اسی طرح حضرت صالح نے فرمایا : کہ دل میں تبدیلی پیدا کرو ۔ قلب سے دنیا کی محبت نکال دو ۔ اور اس کو معارف ایمان سے معمور کردو ۔ اور اتنا پاکیزہ بناؤ کہ گناہ اس میں اپنا نشیمن نہ بناسکے میں تو معاوضہ نہیں چاہتا ۔ کیا تم سمجھتے ہو کہ تمہیں دنیا کے عیش وعشرت کے سامان سے ہمیشہ یونہی بہرہ ور ہونے کا موقع دیا جائے گا ۔ اور تم کو چشموں اور باغوں اور کھیتوں اور درختوں میں بلا کسی باز پرس کے جو نشاط رکھا جائے گا ۔ ایسا ہرگز نہیں ہوسکے گا ۔ مقصود یہ ہے کہ اللہ کے قانون مکافات کی تشریح اور مکافات عمل غافل مشو کی تلقین کی جائیے ۔ ﴿وَتَنْحِتُونَ مِنَ الْجِبَالِ بُيُوتًا فَارِهِينَ﴾ سے غرض یہ ہے کہ تم نے نشاط و بہجت اور تفریح ونزہت کے پہاڑوں میں اپنے مکانات بنائے ہیں ۔ مگر روح کی نشاط کے لئے بھی تم نے کچھ سوچاہے ۔ ارشاد ہے کہ اللہ کی ان نعمتوں کا شکریہ ادا کرو ۔ اور اس سے ڈرو اور میری اطاعت اختیار کرو ۔ ﴿وَلَا تُطِيعُوا أَمْرَ الْمُسْرِفِينَ ﴾سے مراد یہ ہے کہ نافرمانوں کا کہا نہ مانو ۔ اسراف قرآن کی اصطلاح میں حدود اعتدال سے تجاوز کرنے کو کہتے ہیں ۔ اور مسرف وہ لوگ ہیں جو حدود شریعت کو ملحوظ نہیں رکھتے ۔ اور خواہشات نفس کے پیرو ہیں ۔