سورة البقرة - آیت 273

لِلْفُقَرَاءِ الَّذِينَ أُحْصِرُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ لَا يَسْتَطِيعُونَ ضَرْبًا فِي الْأَرْضِ يَحْسَبُهُمُ الْجَاهِلُ أَغْنِيَاءَ مِنَ التَّعَفُّفِ تَعْرِفُهُم بِسِيمَاهُمْ لَا يَسْأَلُونَ النَّاسَ إِلْحَافًا ۗ وَمَا تُنفِقُوا مِنْ خَيْرٍ فَإِنَّ اللَّهَ بِهِ عَلِيمٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

حیرات تو ان حاجت مندوں کا حق ہے جو (دنیا کے کام دھندوں سے الگ ہوکر) اللہ کی راہ میں گھر کر بیٹھ رہے ہیں (یعنی صرف اسی کام کے ہو رہے ہیں) انہیں یہ طاقت نہیں کہ (دنیا کے کام دھندوں سے الگ ہو کر) اللہ کی راہ میں گھر کر بیٹھ رہے ہیں (یعنی صرف اسی کا مکے ہو رہے ہیں) انہیں یہ طاقت نہیں کہ (معیشت کی ڈھونڈھ میں) نکلیں اور دوڑ دھوپ کریں (پھر باوجود فقر و فاقے کے ان کی خود داری کا یہ حال ہے کہ) ناواقف آدمی دیکھے، تو خیال کرے انہیں کسی طرح کی احتیاج نہیں۔ تم ان کے چہرے دیکھ کر ان کی حالت جان لے سکتے ہو، لیکن وہ لوگوں کے پیچھے پڑ کر کبھی سوال کرنے والے نہیں۔ اور (یاد رکھو) تم جو کچھ بھی نیکی کی راہ میں خرچ کرو گے تو اللہ اس کا علم رکھنے والا ہے

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف3) مستحق کون ہے ؟: ان آیات میں فقراء ومجاہدین کا ذکر ہے جو مجاہدانہ مشاغل کی وجہ سے کسب معاش سے محروم ہیں ، ان میں عفت اور پاس عزت اس قدر ہے کہ بظاہر غنی معلوم ہوتے ہیں ، مگر وہ ہیں اعانت کے مستحق ، فرمایا ان لوگوں کی بالخصوص اعانت کرو ، رسالت مآب (ﷺ) کے زمانہ میں ایک گروہ اصحاب صفہ کا تھا جس کا کام صحبت نبوی (ﷺ) سے شرف استفادہ کرنا تھا وہ دن رات ارشاد نبوی (ﷺ) سے اکتساب ضوء میں مصروف رہتے اور ایک لمحہ غفلت ان کے نزدیک ناقابل تلافی محرومی کے حصول کا مترادف تھا وہ مسجد نبوی (ﷺ) میں رہتے ۔ ذرائع معاش کو بروئے کار لانے کے لئے ان کے پاس وقت ہی نہیں تھا ، ان لوگوں کے لئے عام مسلمانوں میں اعلان کیا کہ وہ انہیں اپنی امانتوں کا سب سے زیادہ مستحق سمجھیں ، مگر آیت کا عموم باوجود خصوص محل کے باقی ہے ، اس میں بتایا ہے کہ پیشہ ور گداگر جنہوں نے بھیک مانگنے کو ایک فن بنا لیا ہے اور وہ ہر طرح سے لوگوں کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں ‘ وہ ہرگز اعانت کے مستحق نہیں ، اعانت کے مستحق وہ باوضع مجاہدین اور خدام دین ہیں جن کا کوئی ذریعہ معاش نہیں اور وہ رات دن خدمت دین میں مصروف ہیں ، قوم کو چاہئے کہ ان کی مدد کریں اور انہیں بےنیاز بنا دیں ، تاکہ وہ اپنا پورا وقت خدا کی راہ میں صرف کرسکیں ، اور پورے طریق پر دین کی خدمت بجا لا سکیں ، اسلام بھیک مانگنے کے حق میں نہیں ہے ، وہ کہتا ہے جو بھیک مانگتا ہے قیامت کے دن اس کا چہرہ بےرونق ہوگا اور محروم ہوگا ، اس لئے دنیا میں اس نے اپنی عزت کی پرواہ نہیں کی اور شرف انسانیت کی توہین کی اس لئے قیامت کے دن بالکل اس کے مساوی اور متبادل سزا دی جائے گی ، اس کا چہرہ بےآب اور زخم خوردہ ہوگا ۔