سورة البقرة - آیت 208

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا ادْخُلُوا فِي السِّلْمِ كَافَّةً وَلَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ ۚ إِنَّهُ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِينٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

مسلمانو ! پوری طرح اور (اعتقاد و عمل کی) ساری باتوں میں مسلم ہوجاؤ۔ اور دیکھو شیطانی وسوسوں کی پیروی نہ کرو وہ تو تمہارا کھلا دشمن ہے

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

پورا پورا اسلام : (ف ٢) اسلام ایک نظام عمل عقائد ہے ، جب تک کسی نظام کو پوری طرح نہ مانا جائے متوقع فوائد کا مرتب ہونا ناممکن ہے ، اسی طرح وہ لوگ جو چند باتوں کو تو مان لیتے ہیں لیکن اکثر کا عملا انکار کردیتے ہیں ، وہ اسلام کو بحیثیت ایک نظام کے نہیں مانتے ، یہودیوں اور عیسائیوں میں آخر کار یہی مرض پیدا ہوگیا تھا ، جس پر قرآن حکیم نے ڈانٹا (آیت) ” افتؤمنون ببعض الکتب وتکفرون ببعض “۔ (کہ تم کتاب کے بعض مفید مطلب حصوں پر تو عمل پیرا ہو ، مگر اہم اور ایثار طلب حصے تمہارے دائرہ عمل سے خارج ہیں ، یہ کیا تماشہ ہے ؟ مسلمانوں سے بھی قرآن حکیم کا مطالبہ یہی ہے کہ اگر اسلام ہمہ صداقت ہے تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ وہ تمہارے لئے مشعل راہ نہ ہو ، مانو تو پورا پورا مانو ۔ ورنہ شیطان کی راہیں کشادہ کشادہ ہیں اور جان لو کہ اسلام کو چھوڑ کر مسلمان کے لئے اس آسمان کے نیچے کہیں فلاح وبہبود کی امید نہیں کی جاسکتی ، شیطان انسان کا کھلا ہوا دشمن ہے ۔ اس کی پیروی خدا سے مخالفت کرتا ہے مسلمان کے سامنے صرف دو راہیں ہیں ، یا تو اسلام کی راہ اور یا شیطان کی درمیان میں کوئی تیسری راہ نہیں ۔ وہ شخص جو زندگی کے کسی شعبہ میں مسلمان نہیں ‘ وہ شیطان کی پیروی کر رہا ہے اور خدا کی اطاعت شیطان کی پیروی کے ساتھ جمع نہیں ہو سکتی پس ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو کاملا اسلام کے گہرے رنگ میں ڈبو دیں اور ہمارے اعمال ہر طرح اسلامی ہوں ۔ حل لغات : بشری : مصدر شرآء بعضے بیچنا ۔ زللتم : مصدر ذلۃ ، پھسلنا ، پاؤں کا رپٹ جانا ۔