سورة ھود - آیت 87

قَالُوا يَا شُعَيْبُ أَصَلَاتُكَ تَأْمُرُكَ أَن نَّتْرُكَ مَا يَعْبُدُ آبَاؤُنَا أَوْ أَن نَّفْعَلَ فِي أَمْوَالِنَا مَا نَشَاءُ ۖ إِنَّكَ لَأَنتَ الْحَلِيمُ الرَّشِيدُ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

لوگوں نے کہا اے شیعب ! کیا تیری یہ نمازیں (جو تو اپنے خدا کے لیے پڑھتا ہے) تجھے یہ حکم دیتی ہیں کہ ہمیں آکر کہے : ان معبودوں کو چھوڑ دو جنہیں تمہارے باپ دادا پوجتے رہے ہیں، یا یہ کہ تمہیں اختیار نہیں کہ اپنے مال میں جس طرح کا تصرف کرنا چاہو کرو،؟ بس تم ہی ایک نرم دل اور راست باز آدمی رہ گئے ہو۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

اکل حلال : (ف1) حضرت شعیب (علیہ السلام) نے جب توحید کی طرف قوم کو بلایا ، خدا پرستی کی تلقین کی اور کہا کہ عقیدہ تو حید عام اعمال میں بھی نظر آنا چاہئے پورا تول کر دو اور پورا ناپ کرلو ، تو انہوں نے از راہ بدبختی کہا واہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم اپنے کل مال ودولت میں تمہارے تصرفات کو مان لیں ہم جیسا چاہیں گے کریں گے ، اس کے بعد یہ کہہ کر حضرت شعیب (علیہ السلام) کی کچھ چاپلوسی کی ہے ، کہ تم نہایت بردبار اور نیک ہو ، یہ تجارت اور بزنس کے داؤ گھات ہیں تم کیا جانو ، یہ کیا ہیں اس لئے ان چیزوں کی مخالفت نہ کرو ، اور دخل در معقولات سے باز آجاؤ ۔ حضرت شعیب (علیہ السلام) نے تو اکل حلال کی تلقین کی ، کیونکہ اکل حلال ہی سے صحیح مذہبی روح باقی رہتی ہے ، دل میں جذبات پاکیزہ رہتے ہیں دین کے لئے دلوں میں جوش اور حمیت رہتی ہے ، روح کی بالیدگی اور اعمال کی پاکیزگی کا یہ اولین وسیلہ ہے یہی اصل ریاضت ہے عبادت کی جان ہے اور دین کا اساس ، مگر قوم نے اس کی مخالفت کی اور حرام کھانے کی ٹھان لی ، اس لئے کہ اکل حلال میں مشکلات ہیں ، لوٹنے اور ناجائز طریقوں سے مال حاصل کرنے کا موقع نہیں ملتا ، نفسانی آسائشیں فراوانی سے میسر نہیں ہوتیں یہ لوگ چونکہ محنت کے عادی نہ تھے راحت طلب اور ہوائے نفس کے تابع تھے ، اس لئے شعیب (علیہ السلام) کی دعوت قبول کرنے سے محروم رہے ۔