سورة یونس - آیت 22

هُوَ الَّذِي يُسَيِّرُكُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ ۖ حَتَّىٰ إِذَا كُنتُمْ فِي الْفُلْكِ وَجَرَيْنَ بِهِم بِرِيحٍ طَيِّبَةٍ وَفَرِحُوا بِهَا جَاءَتْهَا رِيحٌ عَاصِفٌ وَجَاءَهُمُ الْمَوْجُ مِن كُلِّ مَكَانٍ وَظَنُّوا أَنَّهُمْ أُحِيطَ بِهِمْ ۙ دَعَوُا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ لَئِنْ أَنجَيْتَنَا مِنْ هَٰذِهِ لَنَكُونَنَّ مِنَ الشَّاكِرِينَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

وہی ہے جس نے تمہارے لیے زمین کی کشکی اور تری میں سیر و گردش کا سامان کردیا ہے، پھر جب ایسا ہوتا ہے کہ تم جہازوں میں سوار ہوتے ہو جہاز موافق ہوا پاکر تمہیں لے اڑتے ہیں، مسافر خوش ہوتے ہیں (کہ کیا اچھی ہوا چل رہی ہے) پھر اچانک ہوائے تند کے جھونکے نمودار ہوجاتے اور ہر طرف سے موجیں ہجوم کرنے لگتی ہیں اور مسافر خیال کرتے ہیں بس اب ان میں گھر گئے (اور بچنے کی کوئی امید باقی نہ رہی) تو اس وقت (انہیں خدا کے سوا اور کوئی ہستی یاس نہیں آتی وہ) دین کے اخلاص کے ساتھ خدا کو پکارنے لگتے ہیں، خدایا ! اگر اس حالت سے ہمیں نجات دے دے تو ہم ضرور تیرے شکر گزار ہوں گے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف1) فطرت کے لحاظ سے ہر شخص کو پاکیزہ پیدا کیا گیا ہے ہر قلب میں اللہ کی توحید کے چشمے بہتے ہیں ، ہر آنکھ جلوہ ہائے طور وسینا کا تماشہ کرسکتی ہے ، مگر ہوتا یہ ہے کہ زندگی کی کثافتوں میں فطرت کی پاکیزگی ضائع ہوجاتی ہے ، خیالات فاسدہ کی وجہ سے دل بےنور ہوجاتا ہے ، اور جہالت تعصب کی وجہ سے بصیرت بھی باقی نہیں رہتی ، عیش وتنعم کی زندگی میں انسان اللہ کو بھول جاتا ہے ۔ مگر جونہی کوئی حوادث سے آنکھیں کھلتی ہیں ، سوئی ہوئی فطرت بیدار نظر آتی ہے ، دل کے تمام حجاب ایک ایک کر کے اٹھ جاتے ہیں ، اور قعر قلب سے توحید کی آوازیں سنائی دیتی ہیں ۔ ان آیات میں انسان کی اس فطرت مستور کا حال بیان کیا ہے کہ مصیبت کے وقت یہ ہمیں یاد کرتے ہیں اور جہاں ہم نے اس کی سن لی ، پھر وہی تمردو معصیت پھر وہی گناہوں کا ارتکاب اور جذبہ عیش وتنعم موجزن ہونے لگتا ہے ۔ قرآن چونکہ علیم بذات الصدور خدا کی کتاب ہے اس لئے اس میں یہ تمام الجھنیں دور کی گئی ہیں ، جو دلوں میں پیدا ہوتی ہیں ، اللہ تعالیٰ خوب جانتے ہیں کہ انسان کس کس راہ سے فریب کھاتا ہے اس لئے ان واردات کو کھول کھول کر بیان کیا ہے ، ﴿يُسَيِّرُكُمْ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ﴾سے غرض یہ بھی ہے کہ انسان کے تجربوں کی دنیا وسیع ہونی چاہئے اور چل پھر کر اسے دیکھنا چاہئے کہ کائنات میں کیا ہو رہا ہے ۔ حل لغات : عَاصِفٌ: تیز اور سخت ہوا ۔