لَقَدْ أَرْسَلْنَا نُوحًا إِلَىٰ قَوْمِهِ فَقَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَٰهٍ غَيْرُهُ إِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ عَظِيمٍ
یہ واقعہ ہے کہ ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف (تبلیغ حق کے لیے) بھیجا تھا۔ اس نے کہا اے میری قوم ! اللہ کی بندگی کرو، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، میں ڈرتا ہوں کہ ایک بڑے ہی (ہولناک) دن کا عذاب تمہیں پیش نہ آجائے۔
حضرت نوح (علیہ السلام) : (ف1) نوح (علیہ السلام) ابو الانبیاء علیہم السلام ہیں اور ابو البشر ہیں آپ نے تقریبا ایک ہزار سال تک قوم میں تبلیغ کی اللہ کی توحید کی طرف دعوت دی ، نہایت خلوص اور محبت سے لوگوں کو راہ راست کی جانب متوجہ کیا مگر قوم یہی کہتی رہی ، غلط ہے ، آپ گمراہ ہیں اور ہمیں بھی گمراہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہیں تعجب یہ تھا کہ اللہ نے ہمیں چھوڑ کر اسے کیوں نبوت کے لئے منتخب کیا ہے ، اس میں کیا خصوصیات ہم سے زیادہ ہیں ، بدبختوں کو یہ معلوم نہیں تھا ، یہ اللہ کی دین ہے ، جسے چاہے ، دیدے اس کا معیار قلب کی پاکیزگی اور اعمال کی بلندی ہے یہ موہبت دل نشین ہے ، صلہ وانعام نہیں جو کسب ومحنت کا نتیجہ ہو ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ، یہ جتنے تکذیب کرنے والے ہیں ، ہلاک ہوں گے ، ایک کشتی بنانے کا حکم ہوا ، تاکہ نوح ، کے ماننے والے اس سفینہ میں بیٹھ کر نجات حاصل کریں ۔ چنانچہ وقت آگیا زمین پھوٹ پڑی آسمان نے دروازے کھول دیئے ، آب اور باران کا وہ طوفان آیا ، کہ تمام منکرین غرق ہوگئے وہ لوگ جو آنکھیں بند کرلیں ، اور حقائق نہ دیکھیں ان کی یہی سزا ہے ۔ حل لغات : الْمَلَأُ: معززین ۔