سورة البقرة - آیت 92
وَلَقَدْ جَاءَكُم مُّوسَىٰ بِالْبَيِّنَاتِ ثُمَّ اتَّخَذْتُمُ الْعِجْلَ مِن بَعْدِهِ وَأَنتُمْ ظَالِمُونَ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
اور پھر دیکھو، یہ واقعہ ہے کہ موسیٰ سچائی کی روشن دلیلوں کے ساتھ تمہارے پاس آیا لیکن جب (چالیس دن کے لیے) تم سے الگ ہوگیا تو تم بچھڑے کے پیچھے پڑگئے، اور ایسا کرتے ہوئے یقینا تم حق سے گزر گئے تھے
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
(ف2) موسیٰ (علیہ السلام) معجزات ونبوت کے تمام آلات سے مسلح ہو کر آئے لیکن تم نے پھر بھی نہ مانا اور گوسالہ پرستی شروع کردی ، معلوم ہوتا ہے ، مصر میں گائے کی پرستش کا عام رواج تھا ، جیسا کہ آج کی اثری تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے مصر کے قدیم معاہد میں سے اس قسم کی کثیر التعداد تصویریں نکلی ہیں جن سے ان کا ذوق بت پرستی ظاہر ہوتا ہے ۔