سورة المدثر - آیت 7

وَلِرَبِّكَ فَاصْبِرْ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور اپنے رب (کی رضاجوئی) کے لیے (تکالیف) برداشت کرو

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اور تبلیغ حق کرنے میں جو تکلیف پہنچے اپنے رب کی رضا جوئی کے لئے یہ مذہبی اور اخلاقی سبق یاد کر کے اس پر صبر کریو۔ شان نزول :۔ ایک شخص ولید بن مغیرہ نے آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زبان مبارک سے قرآن شریف سن کر قرآن کی تعریف کی تو قریش نے اس کو گھیر لیا کہ تو نے یہ کیا غضب کیا آخر اس پر جبر کرکے اس کی رائے تبدیل کرالی تھوڑا تامل کرکے اس نے کہا محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) شاعر نہیں مجنون نہیں ہے تو جادو گر ہے اور یہ قرآن اس کا جادو ہے اس کے جادو گر ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ وہ باپ بیٹے میں بیوی خاوند میں جدائی کردیتا ہے۔ اس کے حق میں یہ آیت نازل ہوئی۔ (ملخص من خازن) منہ