سورة الملك - آیت 15

هُوَ الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الْأَرْضَ ذَلُولًا فَامْشُوا فِي مَنَاكِبِهَا وَكُلُوا مِن رِّزْقِهِ ۖ وَإِلَيْهِ النُّشُورُ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

وہی (خدا تو) ہے جس نے زمین کو تمہارے (چلنے پھرنے کے) لیے نرم ہموار کررکھا ہے پس (جدھر چاہو) اس کے وسیع راستوں پر چلتے پھرتے رہو اور خدا کا دیا ہوا رزق (مزے سے) کھاؤ اور (یہ یاد رکھو کہ قیامت کے دن) اسی کے حضور تمہیں زندہ ہو کر جانا ہے

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

غور سے سنو جس اللہ کی طرف اے نبی تم ان لوگوں کو بلاتے ہو وہ اللہ وہی ہے جس نے زمین کو ہموار نرم پیدا کیا ایسی کہ چاہو تو اس پر مکان بنا لو چاہو تو کھیتی کر لوسفر کرنے کی ضرورت ہو تو سفر بھی کرو۔ بس تم اس زمین کے کناروں اور اطراف میں پھرو اور زمین کی پیداوار میں سے اس اللہ کا دیا ہوا رزق کھائو اور رزق کھاتے ہوئے تکبر اور غرور نہ کرو بلکہ دل میں جانو کہ بعد موت تم کو اسی کی طرف جانا ہے پھر جو کچھ تم نے یہاں کام کئے ہوں گے وہاں ان کا بدلہ پائو گے نیک کا نیک بد کا بد پس تم کو چاہیے کہ ابھی سے اللہ کے ساتھ اچھا تعلق رکھو یعنی ہر کام میں اس سے ڈرتے رہو