سورة الصف - آیت 11

تُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَتُجَاهِدُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ بِأَمْوَالِكُمْ وَأَنفُسِكُمْ ۚ ذَٰلِكُمْ خَيْرٌ لَّكُمْ إِن كُنتُمْ تَعْلَمُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اللہ اور اس کے رسول پر کامل ایمان پیدا کرو اور خدا کی راہ میں اپنے مال ودولت اور اپنی جانوں سے جہاد کرو یہی طریق تمہارے لیے بہتر ہے بشرطیکہ تم (وقت کی مصیبت) کو سمجھو

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

پس تم سنو ! اللہ اور رسول پر مضبوطی سے یقین رکھو اور بوقت ضرورت اللہ کی راہ میں مالوں اور جانوں کے ذریعہ سے جہاد کیا کرو یعنی جہاں جان لڑانے کا موقع ہوجان لڑائو اور جہاں مال کے خرچ کرنے کا موقع ہو مال خرچ کرو جہاں دونوں کا موقع ہو دونوں کو جمع کیا کرو کیونکہ بحیثیت مسلمان ہونے کے تمہارا اصول ہی یہ ہے۔ کہ سب نکل جائیں گے او قاتل ہماری حسرتیں جبکہ سر اپنا تیرے زیر قدم دے دیں گے ہم یہ کام تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم جانتے اور حق وباطل میں تمیز رکھتے ہو تو سمجھ رکھو کہ یہی کار خیر ہے