سورة الصف - آیت 8

يُرِيدُونَ لِيُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِهِ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

پیروان باطل چاہتے ہیں کہ حق وصداقت کاجونور الٰہی روشن کیا گیا ہے اسے اپنی مخالفت کی پھونک مار کر بجھا دیں، مگر وہ یاد رکھیں کہ اللہ اپنے اس نور صداقت کی روشنی کو درجہ کمال تک پہنچا کر چھوڑے گا اگرچہ باطل پرستوں کو بر الگے (٣)۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

یہ لوگ جو اپنے غلط دعویٰ کو بمقابلہ صداقت اسلام پیش کرنے میں یہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو اپنے مونہوں کی پھونکوں سے بھجا دیں جیسے تیل کا دیا منہ کی پھونک سے بجھ جاتا ہے اسی طرح ان کا خیال ہے کہ نور الٰہی (اسلام) بھی ان کے پروپیگنڈے سے بجھ جائے گا یہ خیال ان کا غلط ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنا نور پورا کرے گا چاہے کافر لوگ برا جانیں ان کے برا جاننے سے کچھ نہ ہوگا