سورة الحديد - آیت 2

لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ يُحْيِي وَيُمِيتُ ۖ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

آسمانوں اور زمین کی سلطنت اسی کی ہے وہی زندگی عطا فرماتا ہے اور موت دیتا ہے اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اس کی حکومت اتنی بڑی وسیع اور زبردست ہے کہ تمام آسمانوں اور زمینوں کا ملک اسی کے قبضہ قدرت میں ہے یعنی سارے ملک کا اصلی بادشاہ وہی ہے دنیا کے بادشاہ سب اس کے ماتحت اور غلام ہیں۔ مگر اس کی بادشاہی کوئی دنیاوی بادشاہوں کی سی نہیں ہے کیونکہ دنیا کے بادشاہوں اپنی رعیت کو زندگی نہیں دے سکتے۔ نہ زندوں کو فنا کرسکتے ہیں یہ کام اللہ ہی کے کرنے کا ہے۔ اس لئے تم سن رکھو کہ وہی اللہ زندگی بخشتا ہے اور بخشی ہوئی زندگی چھین کر وہی موت وارد کرتا ہے۔ یعنی زندہ کو مردہ کردیتا ہے یہ سب کام اسی کے کرنے کے ہیں اس لئے کہ وہ ہر کام پر بہت بڑی قدرت رکھتا ہے۔