وَأَقِيمُوا الْوَزْنَ بِالْقِسْطِ وَلَا تُخْسِرُوا الْمِيزَانَ
اسی طرح تم بھی اس نظام عدالت کو پوری عدالت کے ساتھ قائم رکھو اور اس میں کسی قسم کی کمی بیشی نہ کرو
سنو ! انصاف کئی قسم کا ہے دو شخصوں میں بوقت فیصلہ یہ تو ان لوگوں کا کام ہے۔ جو کسی نزاع میں منصف یا حاکم ہوں۔ دوم لین دین میں انصاف کرنا۔ یہ عام کاروباری اور دکاندار لوگوں کا کام ہے پس تم ان دونوں قسموں کے انصاف کے متعلق ہدایت یاد رکھو۔ دکانداری کے متعلق یہ ہدایت ہے کہ تم انصاف کے ساتھ وزن اور ماپ پورا کیا کرو اور (ماپ) تول کم نہ کیا کرو۔ سنو ! یہ بھی بطور ایک مثال کے ہے۔ ورنہ یہی حکم سب کاموں میں جاری ہے۔ کسی کی نوکری کرو تو مفوضہ خدمات کو پورا کرو۔ مالک ہو تو نوکر کی خدمات کی پوری قدر کرو۔ چھوٹے ہو تو بڑوں کی بڑائی کا لحاظ رکھو۔ بڑے ہو تو چھوٹوں کے حال پر نظر شفقت رکھا کرو۔ غرض ہر کام میں اس اصول کو ملحوظ رکھو اسی کا نام ہے میزان اور اسی کا نام ہے انصاف بین الاشخاص وبین الاقوام۔