سورة الفرقان - آیت 53

وَهُوَ الَّذِي مَرَجَ الْبَحْرَيْنِ هَٰذَا عَذْبٌ فُرَاتٌ وَهَٰذَا مِلْحٌ أُجَاجٌ وَجَعَلَ بَيْنَهُمَا بَرْزَخًا وَحِجْرًا مَّحْجُورًا

ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

اور وہی قادر مطلق ہے جس نے دور دریاؤں کو آپس میں ملایا اور ایک کا پانی شیریں وخوش ذائقہ اور ایک کا کھارا کڑوا، پھر دونوں کے درمیان ایک ایسی حد فاصل اور روک رکھ دی کہ دونوں باوجود ملنے کے الگ رہتے ہیں

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

سنو ! وہ اللہ مالک الملک وہ ہے جس نے دو دریائوں کو آپس میں ملادیا تہ زمین میں دونوں قسم کے پانی موجود ہیں ایک میٹھا مزیدار ہے اور ایک کڑوا کھاری ہے اور ان دونوں کے بیچ میں ایک پردہ اور مضبوط آڑ بنادی ہے مجال نہیں کوئی ان میں سے دوسرے پر غلبہ پا سکے اسی طرح جب تم بوقت ضرورت جہاد کرو گے تو کفار دب جائیں گے گو وہ اپنے کفر پر جمے رہیں مگر اہل اسلام کے ساتھ شرارت سے پیش نہ آئیں گے بلکہ شیر بکری کی طرح ایک گھاٹ پانی پئیں گے