سورة الجمعة - آیت 1
يُسَبِّحُ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ الْمَلِكِ الْقُدُّوسِ الْعَزِيزِ الْحَكِيمِ
ترجمہ ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
جومخلوقات آسمانوں اور زمین میں ہیں وہ سب اللہ کی تسبیح بیان کرتی ہیں جو بادشاہ ہے پاک ذات ہے اور بڑا زبردست اور بڑی حکمت والا ہے (١)
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
یعنی جو کچھ آسمانون میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے ،سب اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کرتے ہیں ،اس کے حکم کی اطاعت کرتے ہیں ،اس کو معبود مانتے ہیں اور اس کی عبادت کرتے ہیں کیونکہ وہ بادشاہ کامل ہے جس کی عالم علوی اور عالم سفلی پر بادشاہی ہے اور تمام مخلوق اس کی مملوک اور اس کی تدبیر کے تحت ہے۔ ﴿ الْقُدُّوْسِ﴾ عظمت والا، ہر نقص اور ہر آفت سے پاک ہے ﴿الْعَزِیْزِ﴾ تمام اشیا پر غالب ہے۔ ﴿الْحَکِـیْمِ﴾ وہ اپنی تخلیق وامر میں حکمت والا ہے۔ یہ عظیم اوصاف اکیلے اللہ تعالیٰ کی عبادت کی دعوت دیتے ہیں جس کا کوئی شریک نہیں۔